جمشید دستی نے ثبوت نہ دیئے تو ان کے خلاف فیصلہ ایوان کرے گا،سردار ایاز صادق،ثبوت لے آئیں جو بھی ملوث ہوا سخت کارروائی کریں گے، سپیکر قومی اسمبلی،کسی کو براہ راست ٹارگٹ نہیں کیا، پارلیمنٹ میں شریف لوگ بھی ہیں،جمشید دستی ، عام آدمی کے تحفظ کے لئے سچائی سامنے لایا ہوں، وزیر داخلہ کے بیان کے بعد بوتلیں اٹھالی گئیں کمیشن بنایا جائے اور سب سے پہلے مجھ سے تحقیقات کی جائیں، نجی ٹی وی کو انٹرویو

اتوار 2 مارچ 2014 08:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مارچ۔2014ء)سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ جمشید دستی نے جو الزامات لگائے ہیں وہ بے بنیاد ہیں ۔ثبوت نہ دیئے تو ان کے خلاف فیصلہ ایوان کرے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمشید دستی سستی شہرت کے لئے ڈرامے بازی کررہا ہے ۔ثبوت لیکر آئیں جو بھی ملوث ہوا سزا دیں گے۔ثبوت نہ دیئے تو ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ ایوان کریگا۔

انہوں نے تمام الزامات بے بنیاد لگائے ہیں۔اپنا بیان دینے سے پہلے ان کو سوچ لینا چاہیے تھا ان کی تربیت سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کس قسم کے آدمی ہیں ۔صحافی کے سوال پر سپیکر قومی اسمبلی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک دہشت گردی اور معاشی بدحالی کا شار ہے اور آپ لوگوں کو ان باتوں کی پڑی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر رکن قومی اسمبلی جمشید احمد خان دستی نے کہا ہے کہ انہوں نے کسی کو براہ راست ٹارگٹ نہیں کیا پارلیمنٹ میں شریف لوگ بھی ہیں عام آدمی کے تحفظ کے لئے سچائی سامنے لایا ہوں وزیر داخلہ کے بیان کے بعد بوتلیں اٹھالی گئیں کمیشن بنایا جائے اور سب سے پہلے مجھ سے تحقیقات کی جائیں۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں جمشید دستی نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں شراب اور دوسرے غیر قانونی کاموں کے بارے میں کئی بار سپیکر کو لوگوں نے مطلع کیا لیکن یہ باتیں ریکارڈ میں نہیں تھیں واقعہ کی ویڈیو خود نہیں بنائی تاہم یقین ہے کہ سوفیصد درست ہے اس کی تحقیقات ہوں تو سب سامنے آجائے گا انہوں نے کہا کہ میں نے براہ راست کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا اور نہ ہی تمام لوگوں پر الزام لگایا ہے پارلیمنٹ میں شریک لوگ بھی ہیں میں نے سچائی کو سامنے لایا ہے اور یہ ان لوگوں کے تحفظ کے لئے ہے جو بے گناہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عذاب انہی لوگوں پر آتا ہے جہاں بڑے لوگوں کے جرم چھپائے جائیں اور چھوٹے لوگوں کو سزائیں دی جائیں وزیر داخلہ کو پہلے میرے بیان کی تحقیقات کرانی چاہئیں تھیں لیکن انہوں نے بیان دیا جس کے آدھے گھنٹے بعد بوتلیں غائب کردی گئیں سی ڈی اے کے عملہ نے خالی بوتلیں اٹھالیں اور انہوں نے کہا کہ اپنے بیان پر قائم ہوں تحقیقات کرنا حکومت کا کام ہے۔

اس پر کمیشن بنایا جائے اور سب سے پہلے مجھ سے تحقیقات کی جائیں انہوں نے کہا کہ آج پارلیمنٹ میں شراب آرہی ہے کل دہشت گرد بھی داخل ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے جو دیکھا اس کے ثبوت بھی دے دیئے ہیں اگر میں بجلی چوری میں ملوث ہوں تو پنجاب کی حکومت مجھے یوں نہیں پکڑتی اسپیکر قومی اسمبلی میرے الزامات کی تحقیقات کرائیں انہوں نے کہا کہ میرے الزامات کے بعد ڈائریکٹر اور 12 اہلکاروں کو تبدیل کیوں کیا گیا۔