ایشیا ء کپ کا اپ سیٹ، افغانستان نے بنگلہ دیش کو ہراکر اپنی شمولیت کو درست ثابت کردیا ،بنگال ٹائیگرز کو 32رنز سے شکست ،254رنز کے جواب میں بنگال ٹیم 222رنز پر ڈھیر ، سمیع اللہ شنواری مین آف دی میچ رہے،افغانستان نے پہلی دفعہ کسی ٹیسٹ ٹیم کو ہرایا ، اہم معرکہ آج روایتی حریفوں بھارت اور پاکستان کے مابین ہوگا

اتوار 2 مارچ 2014 08:11

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مارچ۔2014ء) ایشیا کرکٹ کپ میں دنیائے کرکٹ پر ابھرتی ہوئی ٹیم افغانستان نے میزبان بنگلہ دیش کو 32رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کرتے ہوئے ایشیا کپ میں اپنی شمولیت کو درست قراردیدیا ،254رنز کے جواب میں بنگالی ٹیم 222 رنز پر ڈھیر ،سمیع اللہ شنواری کو بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر بہترین پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

ایشیا کپ کے ہفتہ کو کھیلے جانے والے میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے افغانستان کو کھیلنے کی دعوت دی تو افغان ٹیم نے سست آغاز کے باوجود آخر ی 10اوورز میں بنگالی باؤلرز کی دھنائی کردی اور مقررہ 50اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 254رنز کا ٹارگٹ سیٹ کردیا ۔ افغانستان کے اصغر ستانکزئی 90، سمیع اللہ شنواری 81، نوروز مینگل 24 اور نجیب اللہ زردان 21رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ بنگلہ دیش کے عرفات سنی نے 2 اور روبیل اور مومن الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

(جاری ہے)

255رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے اوپنر ابتداء میں ہی آؤٹ ہوگئے جس کے بعد مومن الحق اور مشفق الرحیم نے ٹیم کو سنبھالا دیا ، مشفق الرحیم 23 اور مومن الحق 50رنز بنا کر آؤٹ ہوئے 161کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کا پانچواں کھلاڑی آؤٹ ہوا جب ناصر حسین 41رنز بنا کر اشرف کی بال پر آؤٹ ہوئے جس کے کچھ ہی دیر بعد نعیم 35رنز بنا کر حامد حسن کی بال پر مینگل کو کیچ دے بیٹھے 165 پر آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد ضیاء الرحمان نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور میچ کو کچھ دیر دلچسپ بنا دیا تاہم وہ 41 رنز بنا کر محمد نبی کی بال پر بولڈ ہوگئے اور 222رنز پر آخری کھلاڑی بھی آؤٹ ہوگیا میچ میں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر سمیع اللہ شنواری آف دی میچ قرار پائے ۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شاہ پور زردان اور محمد حسن نے 2,2 جبکہ محمد نبی نے 3 وکٹیں حاصل کیں ۔اس کامیابی سے افغانستان نے پہلی دفعہ کسی ٹیسٹ ٹیم کو ہرایا ۔ایشیا ء کپ کا اہم معرکہ آج روایتی حریفوں بھارت اور پاکستان کے مابین ہوگا ۔