ن لیگ آزاد کشمیر میں پارٹی صدر راجہ فاروق حیدر کیخلاف اختلافات شدت اختیار کرگئے، اکثریتی ممبران اسمبلی نے راجہ فاروق حیدر کیخلاف لابنگ شروع کردی، آزاد کشمیر کا آئینی ، انتظامی و سیاسی بحران وزیراعظم کے سامنے بہتر انداز میں پیش نہ کرسکے

اتوار 2 مارچ 2014 08:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مارچ۔2014ء) آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) میں پارٹی کے صدر راجہ فاروق حیدر کیخلاف اختلافات شدت اختیار کرگئے ، اکثریتی ممبران اسمبلی نے راجہ فاروق حیدر کیخلاف لابنگ شروع کردی ، آزاد کشمیر میں جاری آئینی ، انتظامی اور سیاسی بحران کو وہ وزیراعظم میاں نواز شریف کے سامنے بہتر انداز میں پیش نہ کرسکے ۔مسلم لیگ (ن) کے ذمہ دار ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ہونے والی راجہ فاروق حیدر کی ملاقات میں وہ وزیراعظم پاکستان کو آزاد کشمیر میں جاری سیاسی ، آئینی اور انتظامی بحران کے حوالے سے مکمل طور پر اعتماد میں لینے میں ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے جماعت کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر چوہدری طارق فاروق ، ممبر اسمبلی راجہ نصیر نے راجہ فاروق حیدر کیخلاف جماعت میں لابنگ شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کشمیر ہاؤس میں راجہ فاروق حیدر کیخلاف پارٹی کے ممبران اسمبلی کی اہم ترین ملاقاتیں تھیں تاہم وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے بعد ان ممبران اسمبلی اور سینئر پارٹی عہدیداران نے راجہ فاروق حیدر پر عدم اعتماد کرتے ہوئے ان سے ملاقات کرنے سے معذرت کرلی ہے جس کی وجہ سے پارٹی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر چوہدری طارق فاروق نے بھی ایک اہم ملاقات راجہ فاروق حیدر سے کرنی تھی تاہم پارٹی میں اختلافات کے باعث ملاقات نہ ہوسکی