پنجاب یوتھ فیسٹیول کی یادگار افتتاحی تقریب:56,263 قومی پرچم لہرا کر عالمی ریکارڈ بنا دیا ،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اعلان کر کے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا ، اولمپےئن خواجہ جنید نے مشعل روشن کی، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ،نوجوانوں نے خوبصورت ایروبکس سے شا ئقین کے دل موہ لئے، بھارتی کھلاڑیوں نے بھی مارچ پاسٹ میں حصہ لیا ،یوتھ فیسٹیول کے ذریعے پنجاب کے رنگ ساری دنیا میں پھیلائے گئے، افتتاحی تقریب سے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد کا خطاب

اتوار 2 مارچ 2014 08:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مارچ۔2014ء)دنیا کا سب سے بڑا پرچم بنانے کے بعد پاکستانیوں نے سب سے زیادہ قومی پرچم لہرانے کا عالمی ریکارڈ بنا کر پنجاب یوتھ فیسٹول2014 ء کی افتتاحی تقریب کو یادگار بنا دیا۔اس اعزاز کے بعد گزشتہ چار دنوں میں پاکستان کے مجموعی گینز ریکارڈ کی تعداد 29 تک پہنچ گئی ہے۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہورمیں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف تھے جبکہ اس موقع پر جرمنی، سعودی عرب، یو اے ای، چین ، ترکی ، سویڈن سمیت 14ممالک کے سفیروں اور اعلیٰ شخصیات کے علاوہ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان، قومی و صوبائی ارکان اسمبلی، ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ عثمان انور سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کے طلباء طالبات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور گینز ٹیم کی موجودگی میں سب سے زیادہ56,263 قومی پرچم لہرا کر نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا، اس سے پہلے یہ ریکارڈ ارجنٹائن نے49,850 افراد کے ساتھ بنایا تھا۔ گزشتہ چار دنوں میں پاکستان کا مجموعی طور پریہ 29واں عالمی ریکارڈ ہے۔ پاکستانی بچوں نے اپنی نوعیت کا منفرد ریکارڈ بنا کر اس خوشی کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے درو دیوار لرز اٹھے۔

عالمی ریکارڈ بنانے کے لئے گینز ٹیم کی طرف سے شرکاء کو 5منٹ کا وقت دیا گیاتھا، اس دوران طالبعلم قومی پرچم لہراتے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے،پیارا پرچم ہمارا پرچم سمیت متعدد قومی نغمے بھی حاضرین کے دلوں کو گرماتے رہے۔ دوران تقریب آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیاگینز ٹیم کے شرکاء کی تعداد گننے کے دوران پاکستانی بچوں نے ایروبک شو پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لئے، اس سے قبل تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا،ہاکی اولیمپئن خواجہ محمد جنیدنے مشعل جلا کر ایونٹ کا باقاعدہ آغاز کیا، بعد ازاں افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سٹیج پر آ کر پنجا ب یوتھ فیسٹول کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا،اس موقع پر انہوں نے شرکاء سے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔

تقریب میں راحت فتح علی خاں اور سجاد علی سمیت ملک بھر کے نامور گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس سے سماں باندھ دیا، سٹیڈیم میں موجود شرکاء گلوکاروں کے گانوں کے ساتھ جھومتے اور خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ تقریب کے دورا ن بچوں نے جمناسٹک کا مظاہرہ کر کے شائقین سے بھر پور داد وصول کی۔ اس موقع پر پنجاب یوتھ فیسٹول میں شریک ٹیموں کا مارچ پاسٹ کے علاوہ بچیوں نے چاروں صوبوں کا علاقائی رقص بھی پیش کیا۔

بھارتی دستہ بھوپندر سنگھ کی قیادت میں نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے آیا تو شائقین نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود نے کہا کہ آج ہم نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی عوام کتنی مہمان نواز ہے ہم یوتھ فیسٹیول میں شرکت پر بھارتی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے عوام کا جذبہ اور نظم و ضبط دیکھ کر نہایت مسرت کا اظہار کیا اور نیا ورلڈ ریکارڈ بنانے پر پوری قوم کو مبارک دی ہے۔ رانا مشہود کا کہنا تھا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ذریعے پنجاب کے رنگ ساری دنیا میں پھیلائے گئے اور پاکستان کا جھنڈا بلند کیا اس میں عوام کا بہت بڑا کردار ہے جن کی شمولیت سے یہ سب کچھ ممکن ہوا میں یہ ریکارڈ بنانے پرعوام کابے حد مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم مہنگائی اور تاریکی کے خاتمہ کے راستے پر چل پڑے ہیں ہم نے اپنے جذبوں اور جوش سے تاریکی کو دور کرنا ہے اور تمام چیلنجز کا مل کر سامنا کرنا ہے۔