شمالی کوریا کا کم فاصلے تک مار کرنیوالے میزائلوں کا تجربہ

منگل 4 مارچ 2014 08:14

سیئول(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء)شمالی کوریا نے پیر کو کم فاصلے تک مار کرنیوالے دو میزائلوں کا تجزبہ کیا ہے ، یہ بات جنوبی کوریا کی خبررساں ایجنسی ینہاپ نے اپنی رپورٹ میں بتائی ، میزائلوں کے تجربے کے تسلسل کی یہ دوسری کڑی ہے جس کی سیئول نے مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز قرار دیا ہے ۔ینہاپ نے کہا ہے کہ دونوں میزائل جاپان کے سمندر میں مشرقی ساحل سے فائر کئے گئے ہیں ۔

جنوبی کوریا اور امریکہ کی سالانہ مشترکہ فوجی مشقوں کے کچھ دنوں کے بعد جمعرات کو اسی طرح کے کم فاصلے تک مارکرنیوالے چار سکڈ میزائلوں کا تجربہ کیا گیا تھا ۔جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے مطابق جمعرات کو کئے جانیوالے سکڈ قسم کے میزائل 300سے 800کلومیٹر (185 سے 500میل) تک مار کرنیوالے کم فاصلے کے میزائلوں کا تجزبہ کیا گیا تھا جو جنوبی کوریا میں کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا کے لئے اس قسم کے تجزبات کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں بالخصوص سالانہ فوجی مشقوں کے موقع پر اس قسم کے ناخوشگوار واقعات رونما ہوجاتے ہیں اور وہ اکثر جنوبی کوریا کو بھی آگاہ نہیں کرتا ۔واشنگٹن نے جمعرات کو ہونیوالے تجربات کسی ابتدائی طور پر مذمت کی تھی تاہم بعد میں اس نے تجویز دی کہ اس نے اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا کے میزائل پروگرام پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے ۔پنٹاگون کے ترجمان کرنل سٹیفن وارن نے جمعہ کو کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دو قراردادیں شمالی کوریا کو کسی بھی قسم کے بیلسٹک میزائل اور بشمول کسی بھی قسم سکڈ میزائل کا تجزبہ کرنے سے روکتی ہیں ۔