کراچی،شہریوں پر فائرنگ کر کے فرار ہونیوالے2ٹارگٹ کلرز پولیس فائرنگ سے ہلاک ،ٹارگٹ کلرز کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ،ماں بیٹا اور پولیس اہلکار سمیت 4افراد زخمی

منگل 4 مارچ 2014 08:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء)کراچی کے علاقے ناظم آباد میں شہریوں پر فائرنگ کر کے فرار ہونے والے2ٹارگٹ کلرز پولیس فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، ٹارگٹ کلرز کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ،ماں بیٹا اور پولیس اہلکار سمیت 4افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق پیر کو کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی ناظم آباد اردو بازار میں ظہر کی نماز اداکرکے واپس الفا انٹر پرائز شاپ آنے والے دکان کے ملازم34 سالہ محمد عابد ولد محمد فاروق کو ایک موٹر سائیکل پر سوارنے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

واقعہ سے علاقے میں بھگڈر مچ گئی۔موٹر سائیکل سوار حملہ آور محمدعابد کو قتل کرنے کے بعد تقریبا2 کلومیٹر دور ناظم آبا د تھانے کی حدود ناظم آبا د نمبر 6 بقائی اسپتال کے قریب پہنچے اور وہاں کھڑے دعوت اسلامی سے وابستہ 28 سالہ محمد ظفر ولد محمداسلم کو گولیاں مار کر زخمی کردیااور فرار ہورہے تھے کہ سڑک سے گزرنے والے نیو کراچی تھانے کی پولیس موبائل میں سوار اہلکاروں نے بھی گولیوں کی آواز سنی اور دہشت گردوں کو فرار ہوتا دیکھ کر ان پر فائرنگ کی دوبدو فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ٹارگٹ کلرز موقع پر مارے گئے۔

(جاری ہے)

مذکورہ فائرنگ کے واقعہ میں موٹر سائیکل پر سوار 45 سالہ زاہدہ زوجہ متین اور ا س کا بیٹا 25 سالہ وجاہت ولد متین اور نیو کراچی تھانے کا سپاہی 40 سالہ شہزاد ولد محمد اسماعیل زخمی ہوگیا۔مقابلے کے دوران سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری جائے واردات پر پہنچ گئی جبکہ واردات میں مارے جانے والے ٹارگٹ کلرز اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقابلے میں مارے جانے والے حملہ آور کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی تاہم ان کی عمریں 31 اور 28 برس بتائی جاتی ہیجبکہ حملہ آوروں اور مقابلے کے دوران گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہونے والامحمد ظفرلیاقت آباد کا رہائشی تھا جب کہ زخمی ہونے والوں میں ماں بیٹا نیوکراچی سیکٹر فائیو ڈی اورزخمی پولیس اہلکار گارڈن ہیڈ کوارٹر کا رہائشی بتایا جاتا ہے جو نیو کراچی تھانے میں تعینات ہے۔