ناخواندگی اور جہالت ملک کی ترقی اور عوام کی بہتری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے،صدر ممنون حسین ،پاک بحریہ کی ملکی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ تعلیم کے فروغ کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں،پاکستان باصلاحیت لوگوں سے بھرا ہوا ہے اور یہی لوگ ہمارے ملک کا اصل چہرہ ہیں،تاہم محدود وسائل کے باعث ہمارا بہت سا ٹیلنٹ باہر چلا جاتا ہے جو تشویشناک ہے،نوجوان ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ وہ محنت سے انسانیت کی خدمت کرسکیں، بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی کے پہلے کانووکیشن سے خطاب

منگل 4 مارچ 2014 08:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ناخواندگی اور جہالت ملک کی ترقی اور عوام کی بہتری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے،پاک بحریہ کی ملکی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ تعلیم کے فروغ کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں،پاکستان باصلاحیت لوگوں سے بھرا ہوا ہے اور یہی لوگ ہمارے ملک کا اصل چہرہ ہیں،تاہم محدود وسائل کے باعث ہمارا بہت سا ٹیلنٹ باہر چلا جاتا ہے جو تشویشناک ہے،نوجوان ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ وہ محنت سے انسانیت کی خدمت کرسکیں۔

وہ پیر کو یہاں بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے،اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ اور بحریہ یونیورسٹی کے پروچانسلر ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ ریکٹر،وائس ایڈمرل ریٹائر شاہد اقبال اور بحریہ یونیورسٹی میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین معین سمیت اہم شخصیات اور طلباء وطالبات کے والدین موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت ڈاکٹروں کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے سلسلے میں درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، چیف آف نیول اسٹاف اعلیٰ معیار کے تعلیمی ادارے کے قیام پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ کانووکیشن میں 75 ڈاکٹروں کو ایم بی بی ایس کی ڈگریاں دی گئیں جبکہ اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے پر ڈاکٹر ثناء خالد اور ڈاکٹر ثمرین کوثر کو گولڈ میڈلز پیش کئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بی یو ایم ڈی سی سے پہلے بیج میں کامیاب ہونے والے ڈاکٹرز کے درمیان موجودگی میرے لئے باعث مسرت ہے اور ان کی کامیابی پر والدین اور اساتذہ و دیگر اسٹاف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے اساتذہ و دیگر اسٹاف کی انتھک محنت اور کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آپ لوگوں کی محنت، لگن اور کاوشوں کی وجہ سے آج کا دن نوجوان ڈاکٹروں کی زندگی کا یادگار دن ہے اور امید ہے آپ لوگ اس ادارے کے سابق طلباء ہونے کے ناطے ایمانداری، دیانت داری سے معاشرے کی خدمات انجام دے کر اپنے اساتذہ اور والدین کا سر فخر سے بلند کریں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کامیاب طلباء و طالبات مستقبل میں بھی اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے اسی لگن سے محنت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود کے دفاع کے ساتھ ساتھ تعلیم کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے خواتین و حضرات زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت کی بناء پر بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہترین ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر شعبوں میں باصلاحیت افراد کی موجودگی پر فخر ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگوں میں ملک و قوم کی ترقی کے لئے درکار صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں محدود مواقع اور ناگذیر وجوہات کے باعث ہمارے بہت سے ماہرین بیرون ملک جانے کا ارادہ کر لیتے ہیں، ہمیں اس رحجان کو بدلنے کے لئے انفرادی و اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے ڈاکٹر اور مریضوں کے درمیان جو تناسب مقرر کیا ہے اس میں ہم بہت پیچھے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ بات توجہ طلب ہے کہ ہمیں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے سرکاری و نجی شعبوں میں مزید شراکت داری کے لئے کاوشیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبہ کو ترجیح دیتی ہے اور اس شعبہ کی بہتری کے لئے ہر اقدام پر بھرپور تعاون بھی کرتی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کامیاب ہونے والے ڈاکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ پیشہ وارانہ خدمات میں اپنے ادارے کا نام روشن کریں گے۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین کو بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی جانب سے بی یو ایم ڈی سی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ر) شاہد اقبال نے یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل (ر) شاہد اقبال نے کہا کہ بی یو ایم ڈی سی میں 2008ء سے کلاسز کا آغاز ہوا تھا اور اب پانچ سال مکمل ہونے پر 75 طلباء کو ایم بی بی ایس کی ڈگریاں دی کی گئی ہیں جو ہمارے لئے باعث مسرت و افتخار ہے۔