پاکستان انڈیا پنجاب گیمز :پاکستانی پہلوانوں نے بھارتی پہلوانوں کو چت کر دیا ،7 میں سے 6 مقابلے جیت لئے،اظہر حسین نے پرنس اروڑا، سجاد اقبال نے پردیپ کمار ، قمر عباس نے ماہی پت، عمیر نے ارجن شرماء، انعام بٹ نے انیس صوبی ، احمد شہزاد نے جگروپ سنگھ کو ہرایا ،پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا آغاز بھی یوتھ فیسٹیول سے ہی ہو گا ، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں کی گفتگو

منگل 4 مارچ 2014 08:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء)پاکستان انڈیا پنجاب گیمز میں پاکستانی پہلوانوں نے میدان مار لیا۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام مجموعی طور پرکشتی کے7 مقابلے ہوئے جس میں 6 مقابلوں میں پاکستانی پہلوانوں نے کامیابی حاصل کی۔ پنجاب سپورٹس جمینزیم میں ہونے والے میٹ ریسلنگ کے پہلے ہی مقابلے میں پاکستان نے اس وقت فاتحانہ آغاز کیا جب55 کلوگرام کیٹگری میں اظہر حسین نے بھارتی پہلوان پرنس اروڑا کو سخت مقابلے کے بعد چت کیا۔

60 کلوگرام میں پاکستان کے سجاد اقبال بھارتی پہلوان پردیپ کمار کو زیر کرنے میں کامیاب ہو ئے۔تیسرا مقابلہ 66 کلوگرام کا تھا جس میں پاکستان نے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر کے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی، یہ مقابلہ پاکستان کے قمر عباس نے بھارتی پہلوان ماہی پت کو زیر کر کے جیتا۔

(جاری ہے)

74کلوگرام میں بھارتی پہلوان رینکو پاکستانی ریسلر اسد اقبال کو ہرانے میں کامیاب رہے۔

یہ پاکستانی پہلوانوں کے خلاف بھارتی پہلوانوں کی پہلی فتح تھی۔ 84 کلوگرام میں پاکستانی شہ زورعمیر طارق نے بھارتی کے ارجن شرما ن کو چت کیا۔96 کلوگرام ویٹ کیٹگری میں پاکستان کے انعام بٹ بھارت کے انیس صوبی کو ہرانے میں کامیاب رہے۔120 کلوگرام ویٹ کیٹگری میں پاکستا ن کے احمد شہزاد بھارتی پہلوان جگروپ سنگھ کو ہرانے میں کامیاب رہے۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ عثمان انور تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا آغاز بھی یوتھ فیسٹیول میں ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، کھلاڑیوں کو صرف پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے اور ہم نے فیسٹیول کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھر پور موقع فراہم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں نہ صرف عالمی ریکارڈز بنیں ہیں بلکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارت کو بھی شکست دی ہیں۔ایک سوال پر صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو نہ صرف آگے آنے کا موقع دیا جائے گا بلکہ یہ کھلاڑی عالمی ایونٹس میں ملکی نمائندگی کرتے بھی نظر آئیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ عثمان انور نے کہا کہ پاکستان انڈیا گیمز انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول کا آغاز ہے، میگا ایونٹ میں40سے زیادہ ممالک کے کھلاڑی بھی پاکستان آ کر ایکشن میں نظر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :