سانحہ اسلام آباد کچہری،این اے48سے رکن قومی اسمبلی اسد عمر غائب رہے، انجم عقیل خان کو بھی عوام کی تیمارداری کا وقت نہ مل سکا،چوہدری اشرف گجر وکلاء اور زخمیوں کو فون کرکے پوچھتے رہے

منگل 4 مارچ 2014 08:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء)سانحہ اسلام کچہری،این اے48سے رکن قومی اسمبلی وپاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر غائب رہے جبکہ سابق ایم این اے انجم عقیل خان کو بھی عوام کی تیمارداری کا وقت نہ مل سکا،تاہم سابق امیدوار قومی اسمبلی چوہدری اشرف گجر وکلاء اور زخمیوں کو فون کرکے پوچھتے رہے۔

(جاری ہے)

پیر کے روز اسلام آباد کچہری میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعہ کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ،چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدیق حسین جیلانی سمیت اہم شخصیات نے ہسپتال میں جاکر واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی تاہم رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے48 اسد عمر اپنے حلقے کی عوام سے حسب معمول اس موقع پر بھی دور رہے جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ(ن) انجم عقیل خان بھی اس موقع پر نظر نہ آئے تاہم مسلم لیگ(ن) کے سابق امیدوار حلقہ این اے48 چوہدری اشرف گجر خود بیمار ہونے کے باوجود زخمیوں اور وکلاء کو فون کرکے ان کی عیادت کرتے رہے۔

چوہدری اشرف گجر کی جانب سے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے پھولوں کے گلدستے بھی بھیجے گئے۔