مصر، نئے وزیراعظم کا مظاہرے ختم کرنے کا مطالبہ،اب کام کا وقت آگیا،تعمیراور ترقی کی آواز زیادہ بلند آہنگ ہونی چاہیے،ابراہیم محلب

منگل 4 مارچ 2014 08:12

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء)مصر کے نئے وزیراعظم ابراہیم محلب نے ملک میں جاری ہر طرح کے مظاہرے اور ہڑتالیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قوم کو تعمیر نو کے لیے ایک سانس مل سکے۔انھوں نے یہ اپیل مصر کے سرکاری ٹیلی ویژن سے گزشتہ روز نشر کی گئی تقریر میں کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ''اب کام اور پیداواریت کا وقت آگیا ہے اور کوئی بھی آواز تعمیر اور ترقی سے زیادہ بلند آہنگ نہیں ہونی چاہیے۔

ابراہیم محلب نے حلف برداری کے ایک روز بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ سکیورٹی ان کی کابینہ کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں قانونی طور پر انجام پائیں گی اور انسانی حقوق اور جمہوریت کے احترام کے ذریعے استحکام لایا جائے گا۔انھوں نے اعتراف کیا کہ میں اپنے اوپر عاید ہونے والی بھاری ذمے داری کو جانتا ہوں ،چیلنجز اس سے بھی بڑے ہیں لیکن ہم مل جل کر تمام بحرانوں کا مقابلہ کریں گے اور قوم کے جہاز کو سکیورٹی کے ساحل کی جانب لے جائیں گے۔مصر کے عبوری صدر عدلی منصور نے گذشتہ سوموار کو وزیراعظم حازم الببلاوی کی کابینہ کے اچانک استعفے کے بعد منگل کو سبکدوش وزیرمکانات ابراہیم محلب کو وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دی تھی۔

متعلقہ عنوان :