پاکستانی سکیئرمحمد کریم کی وائس چیف آف آئیر سٹاف سے ملاقات،ائیر مارشل کی ونٹر اولمپکس سوچی 2014میں محمد کریم کی کارکردگی پر مبارکباد پیش

منگل 4 مارچ 2014 08:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء)پاکستانی سکےئرمحمدکریم او رپاکستان سکی ٹیم کے کوچ اور منیجر نے ائیر مارشل اطہر حسین بخاری، وائس چیف آف ائیر سٹاف سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ائیر مارشل اطہر حسین بخاری نے جو کہ سکی فیڈریشن آف پاکستان کے صدر بھی ہیں،حالیہ ختم ہونے والی ونٹر اولمپکس سوچی 2014میں محمد کریم کی کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

صدر سکی فیڈریشن آف پاکستان نے یہ امید ظاہر کی کہ محمد کریم کی شاندار کارکردگی سے سکی فیڈریشن آف پاکستان کے قومی اور بین الاقوامی سکی کے مقابلوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ونٹر اولمپکس سوچی 2014میں جائنٹ سلالم کے مقابلے میں حصہ لینے والے واحد پاکستانی کھلاڑی محمد کریم کا تعلق نلتر ، گلگت بلتستان سے ہے ۔ یہ قوم کے لئے باعث فخر ہے کہ انہوں نے الپائن سکینگ کی کیٹیگری میں 109کھلاڑیوں میں 70ویں پوزیشن حاصل کی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے ونٹر اولمپکس 2010کینیڈا میں پاکستان کے محمد عباس نے 79ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔