سکیورٹی ادارے عدلیہ کے تحفظ کے ضامن ہیں اور عدالتیں انصاف اور امن کا گہوارہ ہیں ہمیں مل کر انہیں بچانا ہے،چیف جسٹس لاہور ہا ئی کورٹ

منگل 4 مارچ 2014 08:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء)چیف جسٹس لاہور ہا ئی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا ہے کہ سکیورٹی ادارے عدلیہ کے تحفظ کے ضامن ہیں اور عدالتیں انصاف اور امن کا گہوارہ ہیں ہمیں مل کر انہیں بچانا ہے۔ فاضل چیف جسٹس اسلام آباد کچہری میں دہشت گردی کے واقعہ کیخلاف پاکستان بار کونسل، پنجاب بار کونسل، لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن اور لاہور بار ایسو سی ایشن کی جانب سے بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس آج کیانی ہال میں ہوا۔ اس موقع پر جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی وکلاء سے اظہار یکجہتی کیلئے فاضل چیف جسٹس کے ہمراہ تھے۔چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام وکلاء برادری اوردیگر شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ہم سب کو مل جل کر ان حالات کا سامنا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

فاضل چیف جسٹس نے وکلاء سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اداروں پر تنقید کریں مگر ان کا احترام ملحوظ خاطر رکھیں۔

سکیورٹی ادارے عدالتوں کے تحفظ کے ضامن ہیں ، ہمیں ایسے واقعات کیلئے تیار رہنا ہو گا۔ عدالتیں انصاف اور امن کی ضامن ہیں ، ہمیں مل کر انہیں بچانا ہے۔یہ لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ دہشت گردی کے واقعہ کیخلاف اظہار یکجہتی کیلئے فوری طور پر کیانی ہال پہنچے اور انہوں نے دہشت گردی کے واقعہ کے حوالے سے واضح موقف اپنایا۔

متعلقہ عنوان :