ڈی ایٹ ممالک کی ممتاز شخصیات کے گروپ کا تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے اور تجارت، ویزا، کسٹم اور شہری ہوا بازی کے بارے میں باہمی معاہدوں پر عملدرآمد کی متعدد سفارشات تیار کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 17 مئی 2014 07:35

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مئی۔2014ء) ڈی ایٹ ممالک کی ممتاز شخصیات کے گروپ نے تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے اور تجارت، ویزا، کسٹم اور شہری ہوا بازی کے بارے میں باہمی معاہدوں پر عملدرآمد کی متعدد سفارشات تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممتاز شخصیات کے گروپ کا دو روزہ اجلاس استنبول ترکی میں منعقد ہوا جس کی صدارت ترکی کی ممتاز شخصیت پروفیسر نعمان قرتلمس نے کی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو یہاں موصولہ پیغام کے مطابق ڈی ایٹ ممتاز شخصیات کے گروپ میں بنگلہ دیش کے سابق سفیر افسرالقادر، مصر کے سابق وزیر خارجہ محمد القرابی، انڈونیشیا کے سابق سفیر ادیات ودی عصمدی، ایران کے سابق سفیر مرتضیٰ دامن پاک جامی، ملائیشیا کے سابق ہائی کمشنر ذکریا سولونگ، نائیجیریا کے سابق سفیر سلیمان داہیرو، پاکستان کے سابق خارجہ سیکرٹری شمشاد احمد اور ترکی کے ڈپٹی چیئرمین اے کے پارٹی نعمان قرتلمس شامل ہیں۔ ممتاز شخصیات کے گروپ نے اقتصادی تعاون کیلئے ڈی ایٹ تنظیم کو درپیش چیلنجز اور مواقع پر غور و خوض کیا۔