اسلام آباد،نادرا چوک پر عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم

ہفتہ 17 مئی 2014 07:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مئی۔2014ء) نادرا چوک پر عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی، رہنماوٴں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے گزشتہ سال 11 مئی کو عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن آفس کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے ریلی نکالی تاہم پولیس کی جانب سے مظاہرین کو نادرا چوک پر ہی روک دیا گیا اور آگے جانے کی اجازت نہ دی۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے روکے جانے پر تحریک انصاف کے کارکن مشتعل ہوگئے جس کے باعث پولیس اور پی ٹی آئی ورکز میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی، اس دوران پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا تاہم رہنماوٴں کی جانب سے بیچ بچاوٴ کرانے کے بعد پولیس نے کارکنوں کو وہیں روک کر پارٹی قیادت کو الیکشن کمیشن کے دفتر جانے کی اجازت دے دی لیکن کارکن بضد رہے کہ وہ پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد اب ہر صورت وہاں جائیں گے۔واضح رہے کہ رواں ماہ 11 مئی کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران نے اعلان کیا تھا کہ انتخابات دھاندلی کے خلاف جمعہ کے روز الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے جب کہ 23 مئی کو فیصل آباد میں دھرنا دیا جائے گا۔