مقبوضہ بیت المقدس میں یوم نکبہ کے موقع پر مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کا اسرائیلی قبضے کیخلاف احتجاج، مغربی کنارے کے شہر رملہ میں قابض اسرائیلی بارڈر پولیس کی فلسطینیوں پر فائرنگ ، 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے

ہفتہ 17 مئی 2014 07:34

مقبوضہ بیت المقدس / رملہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مئی۔2014ء) مقبوضہ بیت المقدس میں یوم نکبہ کے موقع پر مختلف علاقوں میں فلسطینیوں نے اسرائیلی قبضے کیخلاف احتجاج کیا۔اس دوران شدید جھڑپیں بھی ہوئیں جبکہ مغربی کنارے کے شہر رملہ میں قابض اسرائیلی بارڈر پولیس نے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس سے 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق 20 سالہ مصعب نواراح اور 17سالہ محمد ادیح کے سینے میں گولیاں لگیں، دونوں نوجوانوں کو اسپتال لے جایا گیا مگر وہ جاں بر نہ ہوسکے۔

یوم نکبہ 1948 میں فلسطین کی تقسیم اور اسرائیلی ریاست کے قیام کے خلاف منایا جاتا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں کہا گیاکہ مقبوضہ بیت المقدس اور رملہ کے درمیان واقع قلندریہ چیک پوسٹ پر 200 کے قریب مظاہرین اور اسرائیلی فوجیوں میں جھگڑا ہوا اور اس دوران فوج نے اینٹی ریوٹ میتھڈ، ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

(جاری ہے)

شہر نابلس میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

غزہ کی پٹی کے قریب ایرز کراسنگ کی طرف بڑھنے والے فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس کے ہیڈکوارٹرز شہر رملہ میں بھی یوم نکبہ پر فلسطین کی تقسیم کے 66 برس مکمل ہونے پر شہریوں نے 66 سیکنڈ تک خاموشی اختیار کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر صدر محمود عباس نے ریڈیو اور ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ سال ہماری طویل جدوجہد کا اختتام ہوگا، یہ ہی وقت ہے کہ جدید تاریخ میں اس طویل قبضے کو ختم کیا جائے اور یہ وقت ہے کہ اسرائیلی رہنماوٴں کو اس بات کو سمجھ لینا چاہیے کہ فلسطینیوں کا اور کوئی وطن نہیں ہے سوائے فلسطین کے۔

دوسری طرف حماس اور الفتح میں مفاہمتی معاہدے کے تحت غزہ میں بھی حماس کے وزیر اعظم اسماعیل حانیہ نے وزیر اعظم ہاوٴس خالی کر دیا جبکہ فلسطینی وزارت داخلہ کے مطابق یاسر عرفات بلڈنگ بھی الفتح کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دریں اثنا اطلاعات ہیں کہ اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس کے مقدس مقامات پر ویٹی کن کے ساتھ خودمختاری کے معاہدے سے انکار کردیا۔ ویٹی کن کیلیے اسرائیلی سفیر زین ایورونی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہاکہ ان کی حکومت کا اسرائیل میں افواہوں کے برعکس حکومت کا حضرت داؤد کے مقبرے کی ملکیت یا ویٹی کن کو خودمختاری منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

متعلقہ عنوان :