زائد المیعاد ادویات کی فروخت بڑا جرم ‘ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، شیخ آفتاب احمد ، پمز کے آڈٹ کے دوران 17 اعتراضات سامنے آئے ۔ ان کا جواب آنے کے بعد یہ معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا،سینٹ وقفہ سوالات کے دوران جواب

ہفتہ 17 مئی 2014 07:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مئی۔2014ء)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پمز کے آڈٹ کے دوران 17 اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ ان کا جواب آنے کے بعد یہ معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ جمعہ کوسینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ زائد المیعاد ادویات کی فروخت بہت بڑا جرم ہے‘ اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پمز میں زائد المیعاد ادویات کی مریضوں کو فراہمی کے معاملے کی تحقیقات کراکے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پمز کے آڈٹ کے دوران 17 اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ ان کا جواب آنے کے بعد یہ معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پمز میں تمام مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے‘ کسی قسم کی شکایت پر سخت نوٹس لیا جائے گا۔ مریضوں کو ادویات بھی مفت دی جارہی ہیں۔