سٹریٹ چلڈرن کی قومی فٹبال ٹیم نے بین الاقوامی ٹورنامنٹ جیت کر پاکستان کا نام روشن اور ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے، پرویز خٹک، ٹیم کے بچوں کیلئے 15لاکھ روپے کے انعام کا اعلان

ہفتہ 17 مئی 2014 07:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مئی۔2014ء)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سٹریٹ چلڈرن کی قومی فٹبال ٹیم نے بین الاقوامی ٹورنامنٹ جیت کر پاکستان کا نام روشن اور ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے یہ بچے ہمارے ہیرو بن گئے ہیں اور اگر یہ غریب بچے کسی تربیت اور سہولت کے بغیر بین الاقوامی سطح پر ملک اور قوم کو شہرت دلا سکتے ہیں تو اپنی بے پناہ صلاحیتوں کی بدولت مزید بہت کچھ بھی کر سکتے ہیں ہماری کوشش ہونی چاہیئے کہ حکومت اور معاشرے کی سطح پر مل جل کر ایسے غریب بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت میں اپناکردار ادا کریں وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں برازیل میں بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ جیتنے والی قومی سٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے تقریب سے صوبائی وزیر کھیل و سیاحت امجد آفریدی اور چیف کوآرڈینیٹر ظفر اللہ خان نے بھی خطاب کیا جبکہ وزیراعلیٰ کے مشیروں ڈاکٹر مہر تاج روغانی، فضل الٰہی، رفاقت اللہ بابر، یونیسف کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرانسز اور دیگر ارکان اسمبلی اور حکام کے علاوہ تقریب میں پشاور کے سٹریٹ چلڈرن نے بھی شرکت کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ غریب کے بچوں میں زیادہ صلاحیتیں ہوتی ہیں اور اگر انہیں بہتر ماحول ملے تو ملک و قوم کیلئے بہت کچھ کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ معاشرے بالخصوص مخیر شہریوں کا فرض ہے کہ بے آسرا بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت میں حکومت اورفلاحی اداروں سے تعاون کریں اور اس مقصد کیلئے قومی بیداری پیدا کریں پرویز خٹک نے کہا کہ وہ ایسے غریب بچوں کو سٹریٹ چلڈرن نہیں بلکہ سٹیٹ چلڈرن کا نام دیتے ہیں اور انہیں سٹیٹ چلڈرن ہی پکارنا چاہیئے انہوں نے ٹیم کے بچوں کیلئے 15لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا اور صوبے میں سٹریٹ چلڈرن کی منظم انداز میں کفالت اور تعلیم و تربیت کیلئے محکمہ سماجی بہبود کو فعال بنانے کی ہدایت کی بعد ازاں انہوں نے ٹیم کے بچوں میں محکمہ ہائے کھیل، سماجی بہبود، تعلیم اور انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فورم کی جانب سے تحائف تقسیم کئے۔