مصباح الحق عمران خان سے بھی بہتر کپتان، ان کی پرفارمنس پر سراہا نہیں جاتا،سعید اجمل ،مصباح اپنا کردار انتہائی بہترین انداز میں سرانجام دے رہے ہیں، درحقیقت اگر آپ غور کریں کہ جن حالات میں وہ اپنی ذمے داریاں سرانجام دے رہے ہیں انہیں کبھی بھی وہ پذیرائی نہیں ملی جس کے وہ مستحق ہیں، انٹرویو

ہفتہ 31 مئی 2014 07:08

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مئی۔ 2014ء)دنیا کے صف اول کے اسپنر سعید اجمل نے قومی ٹیم کے موجودہ کپتان مصباح الحق کو عمران خان سے بھی بہتر کپتان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصباح کو ان کی پرفارمنس پر سراہا نہیں جاتا۔انگلینڈ میں ووسٹرشائر کیلیے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف مایہ ناز اسپنر نے کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو سے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ مصباح الحق پاکستان کو1992 کا ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان عمران خان سے بھی بہتر ہیں۔

اجمل نے کہا کہ مصباح کو بہترین کارکردگی کے باوجود بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔'مصباح اپنا کردار انتہائی بہترین انداز میں سرانجام دے رہے ہیں، درحقیقت اگر آپ غور کریں کہ جن حالات میں وہ اپنی ذمے داریاں سرانجام دے رہے ہیں، تو میں یہی کہوں گا کہ بطور کپتان ان کی خدمات عمران خان سے بھی زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہیں کبھی بھی وہ پذیرائی نہیں ملی جس کے وہ مستحق ہیں، وہ پاکستان کے لیے انتہائی مشکل وقت میں بہترین لیڈر رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں'۔

مصباح الحق کو 2011 میں ایک روزہ میچز کے لیے قومی ٹیم کی قیادت کی ذمے داری سونپی گئی اور انہوں نے 71 ایک روزہ میچز میں سے 39 میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔بطور کپتان مصباح کی بیٹنگ اوسط 47.21 ہے جبکہ گزشتہ 12 ماہ میں کھیلے گئے 32 میچوں میں ان کی اوسط 52 کی رہی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جب کبھی بھی میچ ہارتے ہیں تو لوگ ان کی شاندار کارکردگی کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور انہیں ڈراپ کرنے کا مطالبہ کرنے لگتے ہیں، میں یہ سب سمجھنے سے قاصر ہوں۔

حتیٰ کہ بحیثیت بلے باز بھی لوگ یہ شکایت کرتے ہیں کہ وہ بہت سست رفتار ہیں اور بہت زیادہ 'ٹک ٹک' کرتے ہیں، مصباح کے ساتھ یہ سب انتہائی غلط ہے۔اسپنر نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہیں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کی پیشکش ہوئی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :