آئرلینڈ کیخلاف بغیر کسی گول ڈرا ہوجانے والے ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں اطالوی مڈفیلڈر مونٹولیوو ٹانگ ٹوٹ جانے کے بعد ورلڈکپ سے باہر ہوگئے

منگل 3 جون 2014 06:37

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جون۔2014ء) آئرلینڈ کیخلاف بغیر کسی گول ڈرا ہوجانے والے ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں اطالوی مڈفیلڈر مونٹولیوو ٹانگ ٹوٹ جانے کے بعد ورلڈکپ سے باہر ہوگئے۔وہ برازیل جانے کی بجائے میلان واپس جاکر سرجری کرائیں گے، ہفتے کی شب دوران میچ آئرش دفاعی کھلاڑی الیکس پیرس سے گیند چھیننے کی کوشش میں انھیں یہ انجری پیش آئی، روٹرڈیم پر میزبان نیدرلینڈز نے گھانا کو1-0سے قابوکرلیا، فیصلہ کن گول روبن وان پیرسی نے اسکورکیا، لزبن میں پرتگال اور یونان کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوگیا، سوئٹزرلینڈ کے شہرسیون میں الجیریا نے آرمینیا کو 3-1 سے مات دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ وارم اپ میچز میں اٹلی کو آئرلینڈ کیخلاف بغیر کسی گول کے ڈرا ہوجانے والے مقابلے میں بڑا دھچکا پہنچ گیا، ان کے مڈفیلڈر مونٹولیوو کی ٹانگ میں فریکچر ہوگیا، جو پہلے ہاف میں حریف دفاعی کھلاڑی الیکس پیرس سے گیند چھیننے کی کوشش میں انجرڈ ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں اطالوی منیجر سیسار پرانڈیلی پردباؤبڑھ گیا،29 سالہ مونٹولیوو کو چوٹ لگ جانے پر اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اسکین ٹیسٹ کے نتائج نے ان کے ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ جانے کی تصدیق کردی، اس طرح وہ برازیل ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے اور سرجری کیلیے میلان واپس چلے جائیں گے، پرانڈیلی نے میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مونٹولیوو کیساتھ پیش آ نے والے حادثے پر ہمارے اسکواڈ میں شامل ہر ایک غمزدہ ہے، وہ ہمارا اہم مہرہ تھا، وہ صرف میدان ہی میں نہیں بلکہ کھیل سے باہر بھی ٹیم اپنے رویے سے سب کو متاثر کرتا تھا، وہ بہت اچھی عادات کا مالک تھا، میرے خیال میں اسی وجہ سے تمام پلیئرز اس کے میگا ایونٹ سے باہر ہوجانے پر افسردہ ہیں