حافظ آباد،(ن)لیگ کی اراکین اسمبلی سے بدتمیزی کا الزام،پی ٹی آئی، ایم پی اے نگہت انتصار بھٹی کے بیٹے اور بھتیجے سمیت 28کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج،10کارکن گرفتار

منگل 3 جون 2014 06:42

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جون۔2014ء) پی پی 107کے ضمنی انتخابات کے موقع پر مسلم لیگ ن کی اراکین صوبائی اسمبلی فرزانہ بٹ اور سلمیٰ شاہین سے بدتمیزی کرنے کے الزام میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی ایم پی اے نگہت انتصار بھٹی کے بیٹے اور بھتیجے سمیت 28کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے 10کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سٹی رانا فرزند علی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔

حافظ آباد کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 107میں 29مئی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر گورنمنٹ ہائی سکول نمبر2پنڈی بھٹیاں کے پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مسلم لیگ ن کی اراکین اسمبلی فرزانہ بٹ اور سلمیٰ شاہین کی گاڑی کو روک کر ان سے بدتمیزی کی۔

جس پر سٹی پولیس پنڈی بھٹیاں نے پاکستان تحریک انصاف کی ایم پی اے نگہت انتصار بھٹی کے بیٹے عون جہانگیر،بھتیجے عزم جہانگیر سمیت13نامزد اور15نامعلوم کارکنوں کے خلاف زیر دفعہ 506/342/354/147/149کے تحت مقدمہ درج کر کے 10کارکنوں نصر اللہ،آصف،نوید،اللہ دتہ ،دلاور حسین،علی زین،زوہیب،مختار اور غلام شبیر وغیرہ کو گرفتار کر لیاہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے ضلعی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انکے کارکنوں کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے مسلم لیگ ن اپنی شکست برداشت نہیں کرسکی اس لئے وہ ہمارے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروا رہی ہے،ایسے کاروائیوں سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔

متعلقہ عنوان :