سری لنکا،شدید مون سون بارشیں،مٹی کے تودے گرنے سے 13افرادہلاک،دو لاپتہ ،ریلوے و بجلی کا نظام درہم برہم

منگل 3 جون 2014 06:51

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جون۔2014ء) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو اور نواحی اضلاع میں خلاف معمول شدید مون سون بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم13افراد ہلاک جبکہ دو لاپتہ ہوگئے ہیں ،ریلوے و بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے ۔ یہ بات حکام نے پیر کے روز کہی۔قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق سینٹر(ڈی ایم سی) کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جزیرے کے مغربی اور جنوبی خطوں میں 100ملی میٹر(4انچز) سے زائد شدید بارش ریکارڈ کی گئی جو اتوار کو تقریباًایک گھنٹے تک جاری رہی۔

ڈی ایم سی کے ڈائریکٹر سارتھ لال کمارا نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ موسم شدید خراب ہورہا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کولمبو کے نواح میں مٹی کا تودا گرنے کے بعد لاپتہ ہونے والے دو افراد کی تلاش جاری ہے اور ڈی ایم سی کا ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ اتوار کی شام سے 13افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور کم از کم2افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

آسمانی بجلی گرنے سے اشاروں کا سسٹم خراب ہونے کے باعث ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے جبکہ وسیع علاقوں میں بجلی منقطع ہے جہاں درخت بجلی کی تاروں پر گرگئے ہیں۔ملک میں مون سون سال میں2دفعہ آتا ہے،جس کے دوران آبپاشی کیلئے ضروری بارشیں ہوتی ہیں لیکن اس سے عموماً جانی اور مالی نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے۔گزشتہ سال جون میں آنے والی طوفانی ہواؤں جس کے ساتھ ساتھ مون سون بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 54افراد ہلاک ہوگئے تھے،جن میں زیادہ تر ماہی گیر شامل تھے۔