اسلام آباد،احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست نمٹا دی ، ہائیکوٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت

منگل 3 جون 2014 07:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جون۔2014ء)احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست نمٹا دی ، درخواست گزار کو ہائیکوٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت ، پیر کے روز احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مقدمے کی سماعت کی عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو ہدایت دی کہ سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے ہائیکوٹ سے رجوع کیا جائے ۔

(جاری ہے)

عدالت میں ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب نے موقف اپنایا کہ سابق وزیر اعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا اختیار عدالت عالیہ کو ہے جس پر عدالت نے درخواست کی سماعت نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کرے ۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اپنایا تھا کہ ان کے مو ئکل رینٹل پاور کیس میں عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں ، اور کسی بھی عدالتی حکم کے بغیر نام ای سی ایل میں ڈالنا ملزم کے ساتھ ناانصافی ہے ۔ عدالت میں نیب کے پراسیکوٹر جنرل بھی پیش ہوئے۔