حماس کے ساتھ مل کر قائم کی گئی حکومت کو ختم کر دیں،اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہوکا فلسطینی صدر محمود عباس پر زور

ہفتہ 28 جون 2014 08:10

یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جون۔2014ء)اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس پر زور دیا ہے کہ وہ حماس کے ساتھ مل کر قائم کی گئی حکومت کو ختم کر دیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو کی طرف سے اس مطالبے کا اعادہ مغربی کنارے کے علاقے میں حماس کے دو کارکنوں کی مبینہ شناخت ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فتح اور حماس کے درمیان ماہ اپریل میں ہونے والی مفاہمت کے بعد دونوں جماعتوں کے اتفاق رائے سے مشترکہ حکومت قائم ہوئی ہے۔ جس کا اسرائیل پہلے دن سے مخالف ہے۔نیتن یاہو نے اسرائیلی نوجوانوں کے اغوا کے فوری بعد کہہ دیا تھا کہ جنہوں نے بھی اس جرم کا ارتکاب کیا ہے وہ حماس کے دہشت گرد ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم نے مزید کہااب اسرائیلی سکیورٹی ادارے ان دو دہشت گردوں کے نام منظر عام پر لے آئے ہیں جو اس سنگین جرم میں ملوث ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا'میں توقع رکھتا ہوں جیسا کہ صدر عباس نے سعودی عرب میں اہم بات کی ہے،کہ وہ اپنے کہے ہوئے پر قائم رہیں گے اور حماس کے ساتھ کیا گیا معاہدہ ختم کر دیں گے۔