بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے کرکٹ سیریز کی تصدیق کردی ، پاک بھارت سیریز سے بڑی کوئی سیریز نہیں ، دونوں ممالک کے شائقین کو شدت سے کرکٹ سیریز کا انتظار ہے،سنجے پٹیل، پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز دسمبر 2015 میں ہو گی تاہم مقام کا تعین بعد میں کیا جائے گا، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد سب سے زیادہ آمدنی کا حصہ بھی پاکستان کو ملے گا، چیئرمین نجم سیٹھی

ہفتہ 28 جون 2014 07:56

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جون۔2014ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے کرکٹ سیریز کھیلنے کی تصدیق کر دی ہے۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری سجنے پٹیل کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت سیریز سے بڑی کوئی سیریز نہیں ہے، دونوں ممالک کے شائقین کو شدت سے کرکٹ سیریز کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی سی بی کے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز دسمبر 2015 میں ہو گی تاہم مقام کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ آئی سی سی کے نئے قوانین کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2015 سے 2023 تک 6 کرکٹ سیریز کھیلی جائیں گی جب کہ پاکستان کو ”بگ فور“ کا درجہ بھی دے دیا گیا ہے، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد سب سے زیادہ آمدنی کا حصہ بھی پاکستان کو ملے گا۔