سعودی عرب کے لئے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کاصفایا کردیں گے،شاہ عبداللہ ،کچھ جاہلوں نے دین، دہشت گردی اور اصلاح معاشرہ کو آپس میں خلط ملط کر دیا ،وہ مذہب کی اپنی مخصوص تعبیر پیش کر کے معاشرے میں شر اور فساد میں مزید اضافہ کر رہے ہیں،خادم الحرمین الشریفین

پیر 30 جون 2014 07:44

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جون۔2014ء)سعودی عرب کے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کاخاتمہ کردیں گے۔سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ نے رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ مملکت کے لیے خطرہ بننے والے شدت پسندوں کا صفایا کر دیا جائے گا۔سعودی سرکاری خبرایجنسی کے مطابق انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کو مذہب کی آڑ میں مملکت اوراس کے شہریوں کونقصان پہنچانے اوراپنے خفیہ مفادات پورے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوروزقبل سعودی حکومت کی جانب سے پڑوسی ملک عراق میں جاری شدت پسندوں کی کارروائیوں کی شدید مخالفت کی گئی ہے۔ تا ہم شاہ عبداللہ نے کہا کہ "کچھ جاہلوں نے دین، دہشت گردی اور اصلاح معاشرہ کو آپس میں خلط ملط کر دیا ہے اور وہ مذہب کی اپنی مخصوص تعبیر پیش کر کے معاشرے میں شر اور فساد میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دین اتحاد، بھائی چارے، میل جول اور احسن طریقے سے دعوت پیش کرنے کا نام ہے، لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ دین کے نام پر کچھ نو سربازوں نے اصلاح اور دہشت گردی کو آپس میں خلط ملط کر دیا ہے۔ انہیں اندازہ نہیں کہ وہ معاشروں کی تباہی اور بربادی کا سامان مہیا کر رہے ہیں اور دین کی روح اور اس کی حقیقت کو فراموش کر چکے ہیں۔

خادم الحرمین الشریفین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دہشت گردوں کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا اور انہیں وطن عزیز کیخلاف کسی قسم کی سازش کا موقع نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ نام نہاد اصلاح اور تبدیلی کی آڑ میں سعودی عرب میں فساد پیدا کرنے میں کامیاب ہو گا۔ ہم اپنے وطن کی عزت، حرمت اور اس کیدفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔شاہ عبداللہ نے پورے عالم اسلام بالخصوص سعودی قوم کو ماہ صیام کی آمد پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے عالم اسلام میں جاری شورش کے خاتمے کے لیے دعا کی اور مسلمانوں سے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :