فیفا ورلڈ کپ، ہالینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میکسیکو کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا

پیر 30 جون 2014 07:39

برازیلیا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جون۔2014ء)فیفا ورلڈ کپ میں ہالینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میکسکو کو 2-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔تیسرے پری کوارٹر فائنل مقابلے کا آغاز ہی انتہائی تیزی سے ہوا جہاں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پر حملے کے لیے کوشاں دکھائی دیں تاہم پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی۔

اس موقع پر جہاں ہالینڈ کی ٹیم گرمی سے شدید پریشان دکھائی دی تو دوسری جانب میکسکو نے موزوں ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انتہائی شاندار کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں مکمل حاوی دکھائی دی۔وقفے پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا لیکن وقفے کے بعد 48ویں منٹ میں میکسکو کے جیوانی سانتوس نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد ہالینڈ کی ٹیم نے جارحانہ انداز میں کھیلنا شروع کیا اور حریف کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے

لیکن میکسکو کے گول کیپر اوچاہی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے متعدد ڈچ حملے ناکام بنا دیے۔ایک ایسے موقع پر جب ہالینڈ کی شکست یقینی دکھائی دیتی تھی، ویزلے شنائیڈر نے کارنر سے واپس آنے والے گیند کو گول میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا۔

ابھی میکسیکو کی ٹیم اس حملے سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ارجن روبن انتہائی تیزی سے گیند کو لے کر گول پوسٹ کی جانب بڑھے، اس سے قبل کہ وہ گول کرتے، دفاعی کھلاڑی نے انہیں غلط انداز میں روکنے کی کوشش کی اور امپائر نے انجری ٹائم میں ہالینڈ کو پینالٹی ایوارڈ کردی۔ہالینڈ نے اس پینالٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کر کے ہاری بازی اپنے نام کر لی۔