تحریک انصاف کا سونامی مارچ کے لئے10 لاکھ نوجوان لانے کا ٹارگٹ،سینئر ارکان اور عہدیداران کو ایک ایک لاکھ، دیگر تمام عہدیداران کو 20 سے50 ہزار تک نوجوان اسلام آباد لانے کا ٹاسک دیدیا گیا،ذرائع

پیر 30 جون 2014 07:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جون۔2014ء)تحریک انصاف نے عیدالفطر کے بعد حکومت کے خلاف سونامی مارچ کے لئے10 لاکھ نوجوان لانے کا ٹارگٹ مقرر کر دیا۔سینئر ارکان اور عہدیداران ایک لاکھ جبکہ دیگر تمام عہدیداران کو 20 سے50 ہزار تک نوجوان اسلام آباد لانے کا ٹاسک دیدیا گیا۔ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد کو نوجوانوں کے سمندر میں ڈبونے کا سیاسی منصوبہ تیار کیا ہے۔

اس دوران ملک بھر سے10 لاکھ نوجوان لائے جانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ،نائب صدر،جنرل سیکرٹری ،سیکرٹری اطلاعات،ایک لاکھ فی کس جبکہ دیگر صوبائی اور ارکان پارلیمنٹ 20 سے50 ہزار تک نوجوان اسلام آباد لانے کے پابند ہوں گے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے عہدیداران عوام الناس کے کھانے پینے کی دستیابی کو یقینی بنانے اور سکیورٹی اقدامات کرنے کے ذمہ دارہوں گے۔عمران خان سمیت دیگر سینئر عہدیداران کو خصوصی سکیورٹی دی جائے گی ۔تحریک انصاف کے ترجمان نے رابطے پر بتایا کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو اسلام آباد کو انسانوں کے سونامی میں ڈبو دیں گے ۔