قوم ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کو جلد ایک ایجنڈے پر دیکھے گی،شیخ رشید احمد،عوام خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق کی لولی لنگڑی نہیں بڑی قربانی مانگ رہے ہیں،ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 5 جولائی 2014 07:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جولائی۔2014ء) پاکستانی قوم ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کو جلد ایک ایجنڈے پر دیکھے گی۔حکومت 4حلقوں سے زیادہ کی قربانی بھی دینے کو تیار ہے۔عوام خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق کی لولی لنگڑی نہیں بڑی قربانی مانگ رہے ہیں۔فوجی آپریشن میں حکمرانوں کی منافقت کو بے نقاب کریں گے ۔گذشتہ روز عوامی مسلم لیگ کے قائد شیخ رشید احمد نے ڈاکٹر طاہر القادری سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہارکیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے دل میں بڑی وسعت ہے جیسا سوچا تھا اس سے زیادہ پایا۔اس سے انکی سوچ،علم،دانش اور فکر کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکمران رانا ثناء اللہ کے بعد چار تو کیا دس حلقوں کی قربانی دینے کو تیار ہو چکے ہیں،لیکن قوم خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق کی لولی لنگڑی قربانی کی بجائے بڑی قربانی مانگ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 14اگست کو اسلام آباد ڈی چوک پر ساری قوم کو پہنچنا ہے،جو لیڈر اس موقع پر قوم کو چھوڑ ے گا ذلت کے گڑھے میں جائے گا اور جو سیاستدان حکمرانوں سے دوستی کریں گے قوم ان سے نفرت کرے گی ۔شمالی وزیرستان کے فوجی آپریشن کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور حکمرانوں کی اس آپریشن کے حوالے سے منافقت کو بھی بے نقاب کرنا ضروری ہے ۔