پاکستان آرڈیننس فیکٹریز پاکستان کی مسلح افواج کی اسلحہ و گولہ بارود کی سو فیصد ضروریا ت کو پورا کررہا ہے، لیفٹیننٹ جنرل احسن محمود ہلال، آئیڈیاز نمائش سے ہماری ڈیفنس انڈسٹری کو تقویت ملے گی اور ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا،چیئرمین پی او ایف بورڈ

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء ) پاکستان آرڈیننس فیکٹریز پاکستان کی مسلح افواج کی اسلحہ و گولہ بارود کی سو فیصد ضروریا ت کو پورا کررہا ہے اور اپنی فاضل پیداواری صلاحیت کو برآمد بھی کررہا ہے، آئیڈیاز نمائش سے ہماری ڈیفنس انڈسٹری کو تقویت ملے گی اور ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا۔یہ بات پی او ایف بورڈ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد احسن محمود ہلال امتیاز ملٹری نے کراچی میں جاری آئیڈیاز 2014 کے تیسرے روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

نمائش کے دوران پی او ایف اسٹال پر ملکی او رغیر ملکی وفود کا تانتا بندھا رہا۔ غیر ملکی وفود نے پاکستانی دفاعی مصنوعات خصوصاً پی او ایف کی مصنوعات ”پی او ایف آئی “اور ”رائفل عزب “میں گہری دلچسپی لی ۔

(جاری ہے)

چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد احسن محمود ہلال امتیاز ملٹری نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئیڈیاز 2014 پی او ایف کیلئے منفعت بخش ثابت ہوگا اور پی او ایف اپنی مصنوعات برآمد کرکے کثیر ملکی زرمبادلہ کمائے گا جس سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئیڈیاز 2014 نے پی او ایف کو اپنی آٹھ نئی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع فراہم کیا اور ہمیں امید ہے کہ پی او ایف اس نمائش کے ذریعے بہت سے نئے خریدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔ پی او ایف چیئرمین نے مزید بتایا کہ ہم دنیا کے مختلف ممالک میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائشوں میں حصہ لیتے ہیں جس سے پی او ایف کی ایکسپورٹ میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔

آئیڈیاز 2014میں شریک بین الاقوامی مندوبین اور دفاعی کمپنیوں کے نمائندوں سمیت کئی ممالک کی مقتدر شخصیات نے پی او ایف چیئرمین سے تفصیلی مذاکرات کئے۔ ان ملاقاتوں میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور جوائنٹ ونچر منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس کے بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ چیئرمین پی او ایف بورڈ نے ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کو نمائش کے کامیاب انعقاد پر سراہا اور توقع ظاہر کی کہ اس سے ہماری ڈیفنس انڈسٹری کو تقویت ملے گی اور ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

پی او ایف چیئرمین مسلسل تیسرے دن پی او ایف اسٹال پر موجود رہے اور ادارہ کی مصنوعات کے بارے میں ملکی و غیر ملکی وفود کو بریف کرتے رہے۔ وفاقی وزیر دفاعی برائے پیداوار رانا تنویر حسین نے پی او ایف اسٹال کا دورہ کیا ۔محمد آصف حسین ممبر پی او ایف بورڈ نے وفاقی وزیر کا پی او ایف اسٹال پر استقبال کیا اور آئیڈیاز کے دوران پی او ایف مصنوعات کی مانگ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :