جہانگیر ترین اور پرویز خٹک نے عوامی جمہوری اتحاد کے رہنماؤں کو منا لیا ، تمام معاملات طے پا گئے ، پانچ سال مل کر چلنے پر اتفاق ، جہانگیر ترین نے عوامی اتحاد کے تمام تر تحفظات کو دور کردیا،تمام رہنماؤں کو گلے لگا کر گلے شکوے مٹا دیئے، عوامی جمہوری اتحاد کے رہنماؤں کو30 نومبر کو تقریر کرنے کا موقع نہیں ملا تھا ہم اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہیں عوامی جمہوری اتحاد والے ہمارے بھائی ہیں، جہانگیر ترین ،تحریک انصاف کی مچھلی ، مرغ ، دمبے ، کیک اور مختلف پھلوں سمیت مختلف مشروبات سے تواضع

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:23

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء ) پاکستان تحریک انصاف اور عوامی جمہوری اتحاد کے درمیان معاملات طے پا گئے ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ اور سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے عوامی جمہوری اتحاد کے رہنماؤں کو منا لیا ، پانچ سال مل کر چلنے پر اتفاق ،تحریک انصاف کی مچھلی ، مرغ ، دمبے ، کیک اور مختلف پھلوں سمیت مختلف مشروبات سے تواضع ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی جمہوری اتحاد کے رہنما شہرام ترکئی کو پاکستان تحریک انصاف کے 30نومبر کے جلسے میں تقریر کرنے کا موقع نہیں ملا تھا اور نہ ہی جلسے میں ان کی پارٹی کو حوصلہ افزائی ملی تھی جس پر وہ ناراض ہوکر چلے گئے تھے ۔ بدھ کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک اور سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین عوامی جمہوری اتحاد کے رہنماؤں کو منانے کے لئے صوابی میں گئے جہاں انہوں نے عوامی جمہوری اتحاد کے رہنماؤں سے مذاکرات کئے اور انہیں منا لیا جہانگیر ترین نے ناراض عوامی اتحاد کے تمام تر تحفظات کو دور کردیا اور تمام رہنماؤں کو گلے لگا کر گلے شکوے مٹا دیئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف جہانگیر ترین نے کہا کہ عوامی جمہوری اتحاد کے رہنماؤں کو تیس نومبر کو تقریر کرنے کا موقع نہیں ملا تھا ہم اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہیں عوامی جمہوری اتحاد والے ہمارے بھائی ہیں عمران خان کو عوامی جمہوری اتحادی کے ورکرز سے بہت توقعات ہیں انہوں نے شہرام ترکئی سے کہا کہ وہ خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر نواز لیگ کے درباریوں کی باتوں پر ناراض نہ ہوا کریں ہنسا کریں عوامی جمہوری اتحاد اور تحریک انصاف مل کر پانچ سال تک کام کرینگے ایک مخصوص ٹولہ باریاں لے کر ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے مخصوص ٹولہ ملک پر قابض ہے جس کی جڑیں بہت دور تک جاتی ہیں ۔

دوسری جانب معاملات طے پانے کی خوشی میں عوامی جمہوری اتحاد کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنماؤ ں کیلئے پرتکلف دعوت کا اہتما م کیا گیا جس میں تحریک انصاف کی مچھلی ، مرغ ، دمبے ، کیک اور مختلف پھلوں سمیت مختلف مشروبات سے تواضع کی گئی