#حدبندیاں، الیکشن کمیشن کا سندھ اور پنجاب کے تحفظات دور کرنے اور متعلقہ حلقوں سے آراء کیلئے انہیں خطوط لکھنے کا فیصلہ

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء ) الیکشن کمیشن انتخابی اصلاحات کمیٹی کی جانب سے حلقہ بندیوں پرتحفظات سے متعلق بھیجی گئی سفارشات پردوبارہ غور کے لیے سندھ اور پنجاب سے طویل ترین نشست کرے گاجس میں ان کے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیاں کرانے کے اقدامات بارے موجود تحفظات کودورکرنے کی کوشش کی جائیگی اور صرف ان حلقوں میں حدبندیاں کی جائیں گی جہاں اس کی بہت زیادہ ضرورت ہوگی اور الیکشن کمیشن معقول وجوہ کے بغیر حلقہ بندیاں نہیں کرے گا۔

ذرائع نے خبر رساں ادارے کوبتایاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیے جانے کے بعد انتخابی اصلاحات کمیٹی کے تحفظات بھی دورکرنے کافیصلہ کیاہے جس میں انھو ں نے کہاتھاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں کرنے سے تنازعات کھڑے ہوں گے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ الیکشن کمیشن اپنی مرضی سے جب چاہے انتخابات سے پہلے حلقہ بندیاں شروع کردے بلکہ اس کیلئے متعلقہسیاسی جماعتوں کا اعتماد بھی شامل ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

ذرائع کامزید کہناتھاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان حدبندیوں کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کوخطوط بھی ارسال کرے گاتاکہ ان کی رائے بھی جان لی جائے اور جس علاقے میں جس سیاسی جماعت کوحدبندیوں بارے شدید تحفظات ہیں انھیں معقول طریقے سے دورکیاجائے کیونکہ الیکشن کمیشن چاہتاہے کہ ہونے والی حدبندیوں پر کسی بھی سیاسی جماعت کوکوئی اعتراض نہ ہوعام انتخابات کی طرح الیکشن کمیشن کے کسی بھی اقدام کومستقبل قریب میں کسی بھی قسم کی تنقید کانشانہ نہ بنایاجاسکے الیکشن کمیشن نے اس بات کابھی جائزہ لینے کافیصلہ کیاہے کہ سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن بارے انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کوجوبھی اعتراضات یاتحفظات ہیں ان کوبھی دورکیاجائے واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کوسندھ اور پنجاب میں حلقہ بندیوں کے لیے سفارشات اوراقدامات بارے ایک ماہ کی مہلت دی ہے ۔