آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر فلپ ہیوز کی آخری رسومات اداکردی گئیں،وزیر اعظم ٹونی ایبٹ اور قومی کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں سمیت ہزاروں افراد کی شرکت،سوگواران نے ہیوز کو انتہائی احترام کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا، آخری رسومات کی مرکزی تقریب میں ماحول انتہائی سوگوار تھا، ہیوز کے دوستوں، اہل خانہ اور دیگر قریبی ساتھیوں نے ان کی زندگی کے چیدہ چیدہ واقعات حاضرین کیساتھ شیئر کیے،بھارتی کرکٹ ٹیم کے نگران کپتان ویرات کوہلی، ویسٹ انڈیز کے سابق ٹیسٹ کپتان برائن لارا، رچرڈ ہیڈلی، گلین میگرا، رکی پونٹنگ، شین وارن، شین ایبٹ، مارک ٹیلر اور دیگر کئی نامور کھلاڑی بھی تقریب میں شریک ہوئے، آسٹریلیا کے ٹیلی وژن چینلز کے علاوہ متعدد عالمی نیوز چینلز نے تقریب کو بھی براہ راست نشر کیا

جمعرات 4 دسمبر 2014 07:50

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء)آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر فلپ ہیوز کی آخری رسومات اداکردی گئیں،جس میں وزیر اعظم ٹونی ایبٹ اور قومی کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں سمیت کئی ہزار افراد نے شرکت کی۔ سوگواران نے ہیوز کو انتہائی احترام کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا ۔غیرملکی خبررساں اداے کے مطابق آسٹریلیا کی شمالی ساحلی ریاست نیو ساوٴتھ ویلز میں فلپ ہیوز کی آخری رسومات کے سلسلے میں بدھ کے دن منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب میں آسٹریلوی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک سمیت پورے ٹیسٹ اسکواڈ کے علاوہ سابق کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر آسٹریلوی وزیر اعظم ٹونی ایبٹ کے علاوہ حکمران اور اپوزیشن پارٹی کے متعدد سیاستدان بھی وہاں موجود تھے۔ اس تقریب کے آغاز سے قبل ہیوز کے چھوٹے سے آبائی قصبے میکسوِل کے ہائی اسکول کے ہال میں جب ان کا تابوت پہنچا تو وہاں موجود سوگواران نے ہیوز کو انتہائی احترام کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

ہیوز کی آخری رسومات کی مرکزی تقریب میں ماحول انتہائی سوگوار تھا۔

ہیوز کے دوستوں، اہل خانہ اور دیگر قریبی ساتھیوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی زندگی کے چیدہ چیدہ واقعات حاضرین کے ساتھ شیئر کیے۔ ایک اندازے کے مطابق ہیوز کی آخری رسومات کی تقریب میں کم ازکم ڈھائی ہزار افراد نے شرکت کی۔بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے نگران کپتان ویراٹ کوہلی، ویسٹ انڈیز کے سابق اسٹار کھلاڑی اور ٹیسٹ کپتان برائن لارا، رچرڈ ہیڈلی، گلین میگرا، رکی پونٹنگ، شین وارن، شین ایبٹ، مارک ٹیلر اور دیگر کئی نامور کھلاڑی بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔

اس تقریب کو آسٹریلیا کے ٹیلی وڑن چینلز کے علاوہ متعدد عالمی نیوز چینلز نے بھی براہ راست نشر کیا۔ کاوٴنٹٰی ٹاوٴن میکسوِل کے علاوہ سڈنی کرکٹ گراوٴنڈ میں نصب بڑی بڑی اسکرینوں پر بھی اس تقریب کو براہ راست دکھایا گیا۔ آٹھ روز قبل ہیوز کو سڈنی کے گراوٴنڈ پر یہ حادثہ پیش آیا تھا۔اس تقریب میں ہیوز کی زندگی کو یاد کیا گیا، دعائیہ گیت گائے گئے، ان کے مختصر کرکٹ کیریئر کی بہترین اننگز کی جھلکیاں دکھائی گئیں اور ان کی کرکٹ سے محبت کی کہانیاں سنائی گئیں۔

ہیوز کے قریبی دوست مائیکل کلارک نے ان کے کنبے کی طرف سے بیان پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر وہ آبدیدہ بھی ہو گئے۔ یہ تقریب ایلٹن جان کے گیت Don't Let the Sun Go Down on Me کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ کرکٹ کے دلدادہ برطانوی اسٹار ایلٹن جان نے گزشتہ ہفتے جرمنی میں منعقد ہوئے اپنے ایک کنسرٹ میں اسی گانے کے ساتھ فلپ ہیوز کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔یادرہے کہ پچیس نومبر کو ایک ڈومیسٹک میچ کے دوران فاسٹ بولر شین ایبٹ کا ایک باوٴنسر فلپ ہیوز کو گردن پر لگا تھا، جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے تھے۔ ہسپتال میں زیر علاج پچیس سالہ ہیوز دو دن بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے تھے۔ اگر وہ زندہ ہوتے تو گزشتہ اتوار کے دن ان کی 26 ویں سالگرہ منائی جاتی۔

متعلقہ عنوان :