پاکستان ‘نیوزی لینڈکی ٹیموں کے مابین دو ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائیگا،ٹی 20 سیریز کی ٹرافی آنجہانی فلپ ہیوز سے منسوب،دبئی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی ، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور نیوزی لینڈ ٹیم کے قائد کین ولیمسن نے شرکت کی،فلپ ہیوز کی المناک موت نے سب کو صدمے سے دوچار کردیا ہے،اداروں کے مشکور ہیں جنہوں نے فلپ ہیوز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ٹرافی ان کے نام منسوب کی،بیٹنگ پر بھرپو ر توجہ دے رہا ہوں ، خواہش ہے جب وہ کرکٹ چھوڑیں تو ٹیم اچھی پوزیشن پر ہو، شاہد خان آفریدی

جمعرات 4 دسمبر 2014 07:50

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء)پاکستان اورنیوزی لینڈکی ٹیموں کے مابین دو ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹی ٹونٹی میچ آج جمعرات کو دوبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔پاکستان نے نیوزی لینڈکے خلاف کھیلے گئے آخری3ٹی ٹونٹی میچوں میں سے 2میں کامیابی حاصل کی ہے۔یواے ای میں دونوں ٹیموں کے مابین 2ٹی ٹونٹی میچزکھیلے گئے جوپاکستان نے جیتیپاکستان اورنیوزی لینڈکی ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 5 دسمبر کو دوبئی میں رات 9 بجے ہوگا۔

پانچ ڈے اینڈ نائٹ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 8 دسمبر کو دوبئی میں، دوسرا ون ڈے 12دسمبر کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم ،تیسرا ون ڈے میچ 14دسمبر کو شارجہ ،چوتھا ون ڈے 17دسمبر کو ابوظہبی سٹیڈیم ور پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 19دسمبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

تمام میچز سہ پہر چار بجے شروع ہونگے۔پاکستان اورنیوزی لینڈکی ٹیموں کے مابین دوسال دوماہ بعدٹی ٹونٹی میچ کھیلاجارہاہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین 2007ء سے23ستمبر2012ء تک 9ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے گئے جن میں سے6میچوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ3 میچ نیوزی لینڈنے جیتے پاکستان کانیوزی لینڈکے خلاف کامیابی کاتناسب66.66فیصداورنیوزی لینڈکاپاکستان کے خلاف کامیابی کاتناسب33.33فیصدہے۔دونوں ٹیموں کے مابین آخری ٹونٹی ٹونٹی میچ 23ستمبر2010ء کوپالیکے میں کھیلاگیاجوپاکستان نے13رنزسے جیتا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کو آسٹریلیا کے آنجہانی کرکٹر فلپ ہیوز سے منسوب کیا گیا ہے۔دبئی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور نیوزی لینڈ ٹیم کے قائد کین ولیمسن نے شرکت کی۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے کہا کہ فلپ ہیوز کی المناک موت نے سب کو صدمے سے دوچار کردیا ہے اور اس سلسلے میں ان اداروں کے مشکور ہیں جنہوں نے فلپ ہیوز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ٹرافی ان کے نام منسوب کی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے مڈل آرڈر بیٹسمین فلپ ہیوز گزشتہ ماہ لیگ میچ کے دوران باوٴنسر لگنے سے شدید زخمی ہونے کے بعد انتقال کرگئے تھے۔اس موقع پر پاکستانی قائد شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ بیٹنگ پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں، ان کی خواہش ہے جب وہ کرکٹ چھوڑیں تو ٹیم اچھی پوزیشن پر ہو۔ٹیم نیوزی لینڈ کے قائد کین ولیمسن نے مختصر فارمیٹ کی سیریز میں کامیابی کے عزم کا اظہار کیا۔