نائیجیریا میں جنگجو تنظیم بوکو حرام کے حملے میں 38 پولیس اہلکاروں سمیت 150 افراد ہلاک

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:28

ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء ) نائیجیریا میں بوکوحرام کے حملے کے نتیجے میں 38 پولیس اہلکاروں سمیت 150 سے زائد افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر دماتورو میں جنگجو تنظیم بوکو حرام نے حملہ کرکے 38 پولیس اہلکاروں سمیت 150 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ حکام کے مطابق بوکو حرام کے پولیس بیس، یونیورسٹی اور اسکول پر حملے کے نتیجے میں شہر دھماکوں اور فائرنگ کی آوازوں سے گونج اٹھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انتظامیہ نے شہر کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کے لئے 24 گھنٹے کے لئے کرفیو نافذ کردیا ہے جب کہ حملوں کے بعد علاقے کے مختلف اسپتالوں میں زخمیوں کی بھی ایک بڑی تعداد لائی گئی جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔واضح رہے کہ نائیجیریا میں جمعہ کے روز کئے جانے والے خودکش حملے کے نتیجے میں 120 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جب کہ اس سے قبل 2 خود کش حملہ آور خواتین نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑالیا تھا جس کے نتیجے میں 45 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :