کراچی سے بذریعہ ٹرین پارسل کی شکل میں بھیجے جانے والے سے غیر قانونی اسلحہ ، منشیات لاہور اسٹیشن سے پکڑے گئے، ریلوے پولیس نے تمام چیزیں قبضے میں لے کر لاہور اسٹیشن پر سامان کی بلٹی وصول کرنے والے سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء)کراچی سے بذریعہ ٹرین پارسل کی شکل میں بھیجے جانے والے سے غیر قانونی اسلحہ ، منشیات لاہور اسٹیشن سے پکڑے گئے، ریلوے پولیس نے تمام چیزیں قبضے میں لے کر لاہور اسٹیشن پر سامان کی بلٹی وصول کرنے والے سمیت 9 ملزمان جس میں ریلوے پولیس ملازمین، ریلوے ملازمین بھی شامل ہے کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے، یہ بات جنرل منیجر ریلوے انور جاوید بوبک نے گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کہی، انہوں نے کہا کہ 2روز قبل کراچی سٹی اور کراچی کینٹ سے 2پیکٹ لاہور کے لئے دو مختلف گاڑیوں سے بھجوائے گئے ایک پارسل تیزگام ایکسپریس جبکہ دوسرا فرید ایکسپریس کے ذریعے بھیجا گیا لاہور اسٹیشن پر کھولے جانے والے دونوں پارسل سے 9بوتل شراب،30بور پسٹل دو عدد، ایک 9ایم ایم ریوالور ، ایک پمپ ایکشن، 4پیکٹ چرس جن میں چالیس کیک، 3عدد بال بیرنگ، گن پاؤڈر 100گرام، سفید پاؤڈر ڈیڑھ کلو، ایک پیکٹ کیل برآمد ہوئے، ریلوے پولیس نے تمام چیزیں قبضے میں لے کر بلٹی وصول کرنے والے کو گرفتار کرلیا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی سٹی سے ڈی ایس پی ریلوے پولیس نیاز احمد کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے جبکہ کراچی تھانہ سٹی کے ایس ایچ او سب انسپکٹر فرقان الحق ، کینٹ تھانہ ایس ایچ او اشرم داد ، کانسٹیبل سردار محمد کے علاوہ، محمد انس بٹ، خادم حسین، آصف قریشی ودیگر کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے گئے ۔