چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوادئیے گئے، پارلیمانی کمیٹی آ ج چیف الیکشن کمشنر کے نام کا اعلان کرے گی، دسمبر سے پہلے چیف الیکشن کمشنر کے نام کو حتمی شکل دے دی جائے گی‘ اسحق ڈار ، چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے تین نام فائنل کئے ہیں،خورشید شاہ

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء) چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوادئیے گئے‘ امید ہے (آج) جمعرات کو پارلیمانی کمیٹی چیف الیکشن کمشنر کے نام کا اعلان کرے گی۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر خزانہ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر ملاقات ہوئی جس کے بعد وزیر خزانہ اسحق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے وزیراعظم سے گذشتہ دنوں ملاقات کی جس میں چیف الیکشن کمشنر کے نام پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے لندن جانے سے پہلے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کرنے کیلئے مجھے ذمہ داری سونپی۔ انہوں نے کہا کہ 5 دسمبر سے پہلے چیف الیکشن کمشنر کے نام کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تین نام سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادئیے ہیں اور انہوں نے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی بلالیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ وقت کیساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں میں پختگی آرہی ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جارہی ہے جبکہ اس سے پہلے حکومت اور اپوزیشن بیٹھ کر اس کا فیصلہ کرتے تھے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے تین نام فائنل کئے ہیں جن میں جسٹس (ر) سردار محمد رضا‘ جسٹس (ر) طارق پرویز اور جسٹس (ر) تنویر احمد خان کے نام شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی‘ ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار‘ مسلم لیگ (ف) کے پیر صدرالدین راشدی‘ اعجازالحق‘ محمود خان اچکزئی‘ اے این پی کے اسفند یار ولی خان سمیت دیگر راہنماؤں سے مشاورت کی ہے یہی وجہ ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس رفیق رجوانہ کی زیر صدارت ہوگا جس میں پی ٹی آئی کے شہریار آفریدی‘ مسلم لیگ (ن) کیپٹن(ر) محمد صفدر‘ مسلم لیگ(ن) کے محمد جنید انور چوہدری‘ پی ایم ایل (ن) کے محمد ارشد خان لغاری‘ پیپلزپارٹی کے محمد ایاز سومرو‘ شازیہ مری‘ ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار‘ مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر درشن‘ عوامی نیشنل پارٹی کے حاجی عدیل‘ پیپلزپارٹی کے سینیٹر اسلام الدین شیخ‘ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر محمد یعقوب خان ناصر شامل ہیں۔

جے یوآئی (ف)نے چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کیلئے حکومت اوراپوزیشن کے مشترکہ ناموں پراتفاق کرلیا۔بدھ کے روزوزیرخزانہ اسحاق ڈارنے جے یوآئی کے راہنماعبدالغفورحیدری کوفون کیااورانہیں چیف الیکشن کمشنرکیلئے دیئے گئے مشترکہ ناموں پراعتمادمیں لیا۔عبدالغفورحیدری نے کہاکہ جے یوآئی کومشترکہ ناموں پراتفاق ہے چیف الیکشن کمیشن کی تعنیاتی ک حوالے سے 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج جمعرات کو طلب کر لیا گیا ۔

اجلاس رفیق رجوآنہ کی صدارت میں آج صبح 11 بجے ہو گا ممبران کو نوٹس جاری ،وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی قائد حزب اختلاف سید خورشید اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے چیف الیکشن کمیشن کی تعنیاتی کے حوالے سے مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج جمعرات کو طلب کیا گیا ہے اجلاس رفیق رجوآنہ کی صدارت میں آج صبح 11 بجے ہو گا جس میں نئے چیف الیکشن کمیشن کی تعنیاتی کے حوالے سے حتمی نام کا اعلان کا امکان ہے اجلاس میں شرکت کے لئے تمام ممبران کو نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں نئے چیف الیکشن کمیشن کی تعنیاتی کے حوالے سے تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے گئے ہیں جن میں جسٹس سردار رضا خان ، جسٹس (ر) طارق پرویز، اور جسٹس (ر) تنویر احمد خان شامل ہیں ادھر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا ہے 5 دسمبر تک چیف الیکشن کمیشن کا تقر ر کرلیا جائے گا جبکہ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کو یہ اختیا ر ہو گا کہ وہ کس نام کو فائنل کرتی ہے