جتنی بڑی سفارش اتنی بڑی سیٹ ، وفاقی پولیس کا نیا کارنامہ،67کلو گرام سونا چوری کی واردات میں رنگے ہاتھوں پکڑے جانیوالے سابقہ ایس ایچ او کو تھانہ رمنا میں ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات کردیا گیا

جمعرات 4 دسمبر 2014 08:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2014ء)جتنی بڑی سفارش اتنی بڑی سیٹ ، وفاقی پولیس کا نیاء کارنامہ67کلو گرام سونا چوری کی واردات میں رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے سابقہ ایس ایچ اوافتخار چٹھہ کو تھانہ رمنا میں ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات کردیا گیا جبکہ سبزی منڈی سے سرعام بھتہ وصولی کی شکایت پروفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ہاتھوں معطل ہونے والے عابد اکرام کومزید نوازتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹاؤن تعینات کردیا گیا ،رشوت اور سفارش نہ ہونے کے باعث پولیس افسران کی بڑی تعداد تعلیم اور انعام یافتہ ہونے کے باوجود ترقیوں سے تاحال محروم ہے ۔

خبر رساں ادارے کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق تھانہ کورال کے سابق ایس ایچ اوا فتخار چٹھہ اورسب انسپکٹر قائم علی شاہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سونا چوری ہونے والی بڑی سمگلنگ کو تو موقع پر پکڑ لیا تاہم بیس فیصد پر معاملات طے کرتے ہوئے ڈیل کرنے کی کو شش کی جس کی اطلاع پرسابق آئی جی آفتاب چیمہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر ہتھکڑیاں لگا کر جیل بھیج دیا تھا تاہم اعلیٰ سطح پر تعلقات کے باعث موصوف گزشتہ ایک ماہ سے تھانہ رمنا میں بطور ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات ہیں واضح رہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے اعدادوشمار کے مطابق تھانہ رمنا اس وقت چوری ،ڈکیتی ، راہزنی سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں دوسرے نمبر پر ہے ۔

(جاری ہے)

حیران کن امر یہ ہے کہ یہ نوازش افتخارچٹھہ کے علاوہ سبزی منڈی کی حدود سے بھتہ وصولی کی متعدد شکایات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے عابد اکرام کو بھی معطل کیا گیا تھا تاہم موصوف کو گراں قدر خدمات پر نوازتے ہوئے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں ایس ایچ او تعینات کیا گیا ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے سزا یافتہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کیا کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔خبررساں ادارے کے رابطہ کرنے پر افتخار چٹھہ نے اپنے موقف میں کہا کہ وہ ڈیڑھ ماہ سے تھانہ رمنا میں معاملات طے ہونے کے بعد خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :