لاہور، والڈ سٹی اتھارٹی کے تعاون سے شاہی حمام کی بحالی کا منصوبہ مکمل،15مئی کو وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف افتتاح کرینگے،سیاحت کوفروغ ملے گا، ترجمان تانیہ قریشی

پیر 4 مئی 2015 06:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2015ء) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے تعاون سے شروع ہونے والا شاہی حمام کی بحالی کا منصوبہ مکمل ہوگیا۔15مئی کو شاہی حمام کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے عملی تعاون سے شروع ہونے والے اس منصوبے کی بحالی آغا خان ٹرسٹ فار کلچرکے زیرانتظام کی جا رہی ہے جبکہ مالی معاونت شاہی مملکت ناروے کی ہے۔

شاہی حمام کی بحالی کے لئے سری لنکن ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ مغلیہ سلطنت کے زوال کے بعد لاہورشہر کی بگڑتی بدلتی تاریخ میں شاہی حمام گم ہوکر رہ گیاتھا۔چھتوں اور دیواروں کی چھت میں شاندار پھولوں کی پینٹنگز ہیں۔ برطانوی دور میں اس پر چونا پھیر دیا گیا۔ بعد میں اسے میونسپل کارپوریشن نے اپنی تحویل میں لے کر اسے بچوں کے لیے پرائمری سکول، بچیوں کے لیے دستکاری سکول، ڈسپنسری اور دیگر دفاترکے طور پر استعمال کیا۔

(جاری ہے)

اب تک اس حمام کا مرکزی دروازہ دکانوں نے چھپا رکھا تھا۔ وسطی ایشیا اور ایرانی حماموں کی طرزپر بنا یہ حمام عوام اور خواص مسافروں اور شہر کے باسیوں کے استعمال میں رہا۔اس ’شاہی حمام‘ میں پانچ کمرے بھاپ غسل کے لیے مخصوص تھے، حرارت کا نظام سکھ عہد میں تباہ ہوا۔حمام کی عمارت کے شمال، جنوب اور مغرب میں دکانیں بن گئیں تھیں۔ یہ شادی ہال کے طور پر بھی استعمال ہوتا رہا۔

اور شاہی حمام کا تشخص ختم ہو کر رہ گیاتھا۔شاہی حمام کا پراجیکٹ مینلی کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کا ہے، انفراسٹرکچر کا ہے جس میں واٹر سپلائی سسٹم نیا کیا گیا ہے اورسیوریج سسٹم رینیو کیا گیا ہے۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ شاہی حمام کی بحالی کے لئے ہم نے یہاں کے رہائشیوں کو ملا کر کمیونٹی موبلائزیشن کی، کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز بنائیں اور ترقیاتی پراجیکٹس کی اہمیت بتائی کیونکہ یہاں پر کئی نسلوں سے آباد رہائشیوں اور دوکانداروں کو بحالی کے منصوبے میں تعاون کے لئے تیارکیا جائے یہ کوئی آسان کام نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نومبر 2013ء میں شروع ہونے والے اس منصوبے نے سینکڑوں سال کی غفلت کامداوا کیا ہے۔حمام کے باقاعدہ افتتاح کے بعد یہاں کچھ حصے گفتگو، مشاعرہ اور تاریخی قصہ گوئی کے لیے بھی رکھے جائیں گے۔ ملحقہ کھلے علاقہ میں عجائب گھر اور سیاحوں کی سہولت کے لیے ریسٹورنٹ اور ٹائلٹ بھی بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شاہی حمام کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کریں گے ۔شاہی حمام کے افتتاح کے بعد یہاں ٹورازم کو فروغ ملے گا۔

متعلقہ عنوان :