جڑنوالہ میں بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے ،مسلح افراد کی فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما قتل ، آصف زرداری کی جڑانوالہ میں پیپلز پارٹی رہنما رانا شفاقت کے قتل کی مذمت، مجرموں کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزاد لوائی جائے،وفاق و پنجاب حکومت سے مطالبہ

پیر 4 مئی 2015 06:28

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2015ء)جڑنوالہ کے علاقہ میں بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے ،مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما کو قتل کر دیا۔خبر رساں ادارے کے مطابق چک نمبر656گ ب کے رہائشی ریلوے کنڈیکٹر اورپیپلز پارٹی کے مقامی رہنماشفاقت علی پپو اورمحمدحبیب کے بچوں کے درمیان دو روز قبل لڑائی ہوگئی تو بیچ بچاؤ کرواتے ہوئے بچوں کو تھپڑ مارنے پر بڑوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا ،تو اہل علاقہ نے بیچ بچاؤ کروادیا تاہم ملزموں مون ولد خالد،مدثر عرف پپو وغیرہ نے بدلہ لینے کی خاطر آج ریلوے لائن سے ملحقہ ڈھاری پر بیٹھے ہوئے شفاقت علی پپو پر حملہ کرکے فائرنگ کرکے موقع پر ہی مار ڈالا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ،مقتول کے تایا زاد بھائی صداقت علی کے مطابق مقتول شفاقت چاربیٹیوں اورایک بیٹے کا باپ تھا اور ملزموں نے بچوں کی لڑائی پر قتل کیا ہے ملزم اس سے قبل بھی جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں ،تھانہ لنڈیانوالہ پولیس نے موقع پر پہنچ کرنعش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی ہے ۔

(جاری ہے)

ادھرپاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے جڑانوالہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رانا شفاقت کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومت سے کہا ہے کہ وہ پی پی پی کے مقتول رہنما کے قتل میں ملوث مجرموں کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزاد لوائی جائے۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ رانا شفاقت کا خون رائیگان جانے نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ شہید رہنما کے گھر جائیں اور ان کی ہر ممکن قانونی، اخلاقی مدد کریں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ شہادت پاکستان پیپلزپارٹی کا ورثہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان پیپلز پارٹی شہید شفاقت رانا کے خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔