میٹروبس منصوبوں کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے میدان میں نئے کلچر کی بنیادرکھی جا رہی ہے،شہبازشریف ، راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا ،راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کے منصوبے سے عام آدمی کو تیز رفتار، باکفایت،آرام دہ اور محفوظ سفری سہولتیں میسر آئیں گی، پاکستان میں ترقی کی نئی سوچ اور شفافیت کا شاندارکلچر فروغ پا رہا ہے، میگا پراجیکٹس شفافیت اور اعلیٰ معیار کے تحت مکمل ہورہے ہیں، وزیر اعلی پنجاب ، پراجیکٹ پر مجموعی طور پر 98فیصد کام مکمل ہو چکا ، 24 ویں سٹیشن پر دھرنوں کی وجہ سے تعمیراتی کام پانچ ماہ کی تاخیر سے شروع ہوا،کمشنر راولپنڈی کی وزیراعلیٰ کو بریفنگ

پیر 4 مئی 2015 06:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں میٹروبس منصوبوں کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے میدان میں نئے کلچر کی بنیادرکھی جا رہی ہے- راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کا منصوبہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ایک شاندار اور انقلابی منصوبہ ہے جس سے عام آدمی کو تیز رفتار، باکفایت،آرام دہ اور محفوظ سفری سہولتیں میسر آئیں گی- پاکستان میں ترقی کی نئی سوچ اور شفافیت کا ایک ایسا شاندارکلچر فروغ پا رہا ہے جس کے تحت شفافیت اور اعلیٰ معیار کے مطابق میگا پراجیکٹس مکمل ہورہے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ٹھوس اقدامات کے باعث کرپشن میں واضح کمی آئی ہے اور کرپشن میں کمی کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔

پاکستان کے قیام کے بعد سے ملک کو کسی دور میں بھی معیاری،سستی اور آرام دہ ٹرانسپورٹ کا باقاعدہ نظام میسر نہیں آ سکا تاہم میٹر و بس کے منصوبے سے شہریوں کو عالمی معیار کا ماس ٹرانزٹ سسٹم تاریخ میں پہلی بارحاصل ہو رہا ہے جس کے ذریعے زندگی کے تمام شعبوں کے لوگ اپنے دفاتر اور منزلوں پر بروقت پہنچ سکیں گے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کی تکمیل سے پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلی آئے گی-شہری اورمختلف شعبوں میں کام کرنے والے لوگ آسانی سے بروقت ا پنی منزلوں پر پہنچ سکیں گے - وہ گزشتہ روز علی الصبح میٹرو بس پراجیکٹ کے صدر راولپنڈی سے لے کر پاک سیکرٹر یٹ اسلام آباد تک 23کلو میٹر کے ٹریک اور مختلف سٹیشنوں کا دورہ کرنے کے بعد راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے بریفنگ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کی عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین محمد حنیف عباسی، ارکان اسمبلی ملک ابرار، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، شکیل اعوان، ضیاء اللہ شاہ، میٹرو بس منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر راولپنڈی زاہد سعید سمیت راولپنڈی، اسلام آباد انتظامیہ، سی ڈی اے، پولیس، کنٹریکٹرز کمپنیوں کے منتظمین نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میٹروبس منصوبے کے فنشنگ کے کام کو ایک ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ جڑواں شہروں کے عوام کو عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ سروس کی سہولت میسر آ سکے اور روٹ کے اردگرد تعمیراتی ملبہ فوری طور پر اٹھایاجائے -انہوں نے کہا کہ پورے روٹ کے دونوں اطراف پھول اورپودے لگانے کے کام کو دن رات محنت کر کے مکمل کیا جائے اور میٹروبس کے ستونوں،بس سٹیشنوں اور دیگر مقامات پر انڈرپاسزکی فنشنگ اور خوبصورتی کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے - انہوں نے کہا کہ میٹر وبس منصوبے میں جہاں کوالٹی اور فنشنگ کے ایشوز اور کوئی کمی ہے اسے فوری طور پر دور کیا جائے اور پھول پودے لگانے سمیت ہارٹیکلچر اور اسٹیشنوں کی تزین وآرائش کے کام کو تیز رفتاری سے ایک ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے کی تکمیل میں بہترین کام کرنے والی کمپنیوں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہو گی جبکہ جہاں کہیں بھی کوئی کمی اور خامی پائی گئی، اس پر متعلقہ لوگوں کی جوابدہی ہو گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ میٹر و بس پراجیکٹ کے تمام سٹیشنوں اور ٹریک پر سکیورٹی اور حادثات سے بچاؤ کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے اور میٹرو بس کے ٹریک بالخصوص اسلام آباد کے علاقہ میں پیدل سڑک عبور کرنے کے حوالے سے ایسے انتظامات کئے جائیں کہ تمام تر ممکنہ حد تک حادثات سے بچا جا سکے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ کنٹریکٹر کمپنیاں منصوبے کے تمام ٹریک کے اطراف بالخصوص مری روڈ سے ملبے کے ڈھیر فوری طور پراٹھوائیں جبکہ اوور ہیڈ ٹریک کے ستونوں اور تمام سٹیشنوں کی خوبصورت تزین و آرائش کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس سے راولپنڈی اسلام آباد کے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے کی تعمیر کے دوران راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں بالخصوص تاجروں کی طرف سے جس تحمل اور تعاون کا مظاہرہ کیا گیا وہ لائق تحسین ہے ۔

منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو عالمی معیار کی جو سفری سہولتیں میسر آ ئیں گی اس سے لوگوں کو ایک سہولت اور اطمینان بھی ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کبھی بھی ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لئے جامع منصوبہ بندی نہیں کی گئی اور لاہور کے بعد راولپنڈی میں میٹرو بس منصوبے کی تکمیل سے لوگوں کو ایک معیاری ٹرانسپورٹ سسٹم ملے گا اور اس سسٹم کا دائرہ مرحلہ وار ملک کے دیگر بڑے شہروں تک وسعت اختیار کر ے گا۔

وزیر اعلی نے منصوبے سے منسلک انتظامی، فنی ماہرین اور کنٹریکٹر کمپنیوں پر عوامی نمائندوں کی محنت کو سراہا اور کہا کہ میٹرو بس منصوبہ ان تمام لوگوں کی شبانہ روز محنت کے نتیجے میں تکمیل کے انتہائی قریب ہے جس کا جلد ہی افتتاح ہو گا۔راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر زاہد سعید نے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعلی کو بتایا کہ میٹرو بس پراجیکٹ پر مجموعی طور پر 98فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ 24میں سے 23بس سٹیشن مکمل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں اور بارشوں کی وجہ سے مجموعی طور پر منصوبے کی تکمیل میں شدید رکاوٹیں آئیں لیکن پھر بھی منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے24 ویں سٹیشن پر جو پاک سیکرٹریٹ اور ڈی چوک ایریا پر ہے دھرنوں کی وجہ سے تعمیراتی کام پانچ ماہ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف آج علی الصبح صدر راولپنڈی پہنچے اور انہوں نے بغیر پروٹوکول میٹروبس اور عام کوسٹر میں بیٹھ کر پورے روٹ کامعائنہ کیا ،سب سے پہلے انہوں نے میٹرو بس پراجیکٹ کے صدرسٹیشن کا معائنہ کیا اور میٹرو بس میں سوار ہو کر لیاقت باغ پہنچے جہاں سٹیشن سے نیچے اتر کر وزیر اعلی نے عام کوسٹر میں بیٹھ کر مری روڈ پر سفر کرتے ہوئے کمیٹی چوک انڈر پاس ، وارث خان، بے نظیر بھٹو ہسپتال اور رحمان آبادکے سٹیشنوں کا جائز ہ لیا ۔

وزیر اعلی رحمان آبادسٹیشن سے دوبارہ میٹرو بس میں سوار ہو کر شمس آباد، فیض آباد اور آئی جے پی سٹیشنوں پر رکے اور وہاں مسافروں کیلئے بنائے گئے انڈر پاسز اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی نے اسلام آباد میں نائنتھ ایونیو ، پشاور موڑ ، بلیو ایریا اور پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس ٹریک پر سفر کر کے منصوبے کے تعمیر ی کام کا جائزہ لیا اور مختلف جگہ پر بریفنگ کے ذریعے منصوبے کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کیں ۔

وزیر اعلی نے معائنے کے دوران ہارٹیکلچر سے متعلق کام کی رفتار کو تیز تر اور بہتر کرنے کے حوالے سے احکامات بھی دیئے۔میٹروبس ٹریک کے دورے کے موقع پر ارکان اسمبلی ، راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ ، پولیس حکام اور کنٹریکٹرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ کا راولپنڈی کا دورہ 7گھنٹے طویل تھا-