پی سی بی نے سزا یافتہ کرکٹرز کیلئے پروگرام کااعلان کردیا ، سلمان ، آصف اور عامر کو کرکٹ میں واپسی سے قبل آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا ہوگا، سماجی ذمہ داری کے تحت ایدھی ہومز، یتیم خانوں اور آرمی سکول پشاور کا دورہ بھی کرنا ہوگا، بولنگ کوچ مشتاق احمد سے رابطہ کرنا ہوگا اور اپنے کیے پر پشیمانی کا اظہار کرنا ہوگا، پروگرام کے تحت تینوں کرکٹرز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ کے ساتھ کام کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو لیکچر دینے ہوں گے،سلمان بٹ اور محمد آصف دو ستمبر کے بعد سے کلب اور ڈسٹرکٹ سطح پر کرکٹ شروع کر سکیں گے، پی سی بی

جمعرات 27 اگست 2015 08:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27اگست۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کی کھیل کے میدان میں واپسی کے لیے درکار ضروری تقاضے پورے کرنے کے لیے پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔ان تینوں کرکٹرز پر آئی سی سی کی جانب سے عائد پابندی یکم ستمبر کو ختم ہو رہی ہے۔محمد عامر پہلے ہی اجازت ملنے پر ڈومیسٹک کرکٹ میں گریڈ ٹو کرکٹ کھیل چکے ہیں البتہ سلمان بٹ اور محمد آصف کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے فوری طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے روک دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تینوں کرکٹرز کو کرکٹ میں واپسی سے قبل آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا ہوگا۔اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے تینوں کھلاڑیوں کے لیے بحالی کا پروگرام ترتیب دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت تینوں کرکٹرز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ کے ساتھ کام کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو لیکچر دینے ہوں گے۔

یہ کھلاڑی اسی طرح کے لیکچرز سولہ ریجنز میں جا کر دیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ اور محمد آصف دو ستمبر کے بعد سے کلب اور ڈسٹرکٹ سطح پر کرکٹ شروع کر سکیں گے۔تینوں کرکٹرز کو دو ستمبر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں باقاعدگی سے پریکٹس کی اجازت ہوگی لیکن جب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کرکٹرز وہاں پریکٹس کرینگے تو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ان تینوں کرکٹرز کو وہاں پریکٹس کی اجازت نہیں ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مرتب کردہ پروگرام کے مطابق تینوں کرکٹرز کو سماجی ذمہ داری کے تحت ایدھی ہومز، یتیم خانوں اور آرمی سکول پشاور کا دورہ بھی کرنا ہوگا۔تینوں کرکٹرز کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ پاکستانی ٹیم انہیں کس طرح قبول کرتی ہے، ٹیم کے کھلاڑیوں اور بولنگ کوچ مشتاق احمد سے رابطہ کرنا ہوگا اور اپنے کیے پر پشیمانی کا اظہار کرنا ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلمان بٹ اور محمد آصف کو ماہر نفسیات سے بھی رجوع کرنے کے لیے کہا ہے۔