حرام گوشت فروخت کرنیوالے عناصر کیخلاف سخت کارروائی کا حکم، قبیح دھندے میں ملوث افراد کی جگہ صرف اور صرف جیل ہے،شہباز شریف ،مردار اور حرام گوشت کی فروخت کا قبیح دھندہ ہر صورت بند کرایا جائے گا ، مردار اور حرام گوشت کے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصرکو ایسی کڑی سزائیں ملنی چاہئیں کہ ان کی نسلیں بھی قبیح دھندے کا سوچ نہ سکیں، حرام گوشت کی فروخت کا قبیح دھندہ کسی صورت برداشت نہیں، متعلقہ اداروں کو موثر کردار ادا کرتے ہوئے فوری اقدامات کرناہیں،شہریوں کو حرام اور مردار گوشت کھلانے والے کسی رو رعایت کے مستحق نہیں،سخت ترین سزا کے حقدار ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 3 ستمبر 2015 08:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مبینہ طورپرحرام جانور کا گوشت فروخت ہونے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونیوالی خبر کاسخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے اور مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کیخلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حرام گوشت کی فروخت کا قبیح دھندہ کسی صورت برداشت نہیں۔

قبیح دھندہ کرنیوالے افراد کسی ہمدردی کے مستحق نہیں اورایسے عناصر سخت سے سخت سزا کے حقدار ہیں اور ان کی جگہ صرف اور صرف جیل ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مرداراور حرام گوشت کے قبیح دھندے کے مکمل خاتمے کے حوالے سے ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جائیں کیونکہ ہوس زر کی خاطر کسی کو بھی حرام اور مردار گوشت کا دھندہ کرکے عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو حرام اور مردار گوشت کھلانے والے کسی رو رعایت کے مستحق نہیں، اسی لئے پنجاب حکومت نے بیمار، مردار اور حرام جانوروں کا گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف سزائیں مزید سخت کی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مردار اور حرام گوشت کی فروخت کے دھندے کے خاتمے کیلئے متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام کریں اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

حرام اور مردار گوشت کا مکروہ کاروبار کرنیوالے انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی صورت بھی صوبے کے عوام کو ان مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتا جو چند روپوں کے لالچ میں انسانوں کی صحت سے کھیل رہے ہیں۔ صوبے میں غیرمعیاری، بیمار، مردار یا حرام گوشت کی فروخت کا قبیح دھندہ ہر صورت بند کرایا جائے گا اور اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو فعال اور موثر کردار ادا کرتے ہوئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مردار اور حرام گوشت کے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصرکو ایسی کڑی سزائیں ملنی چاہئیں کہ ان کی نسلیں بھی اس قبیح دھندے کا سوچ نہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چند روپوں کے عوض معصوم انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے انسان کھیلانے کے بھی حقدار نہیں۔انہوں نے کہا کہ حرام گوشت کا مکروہ دھندہ کسی صورت قابل برادشت نہیں۔