مصرمیں عید پر منچلوں کو کنٹرول کرنے کے لیے لیڈیز پولیس تعینات

بدھ 23 ستمبر 2015 09:15

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2015ء )مصر کی وزارت داخلہ نے عید الاضحٰی کے ایام میں پبلک مقامات، تفریح گاہوں، سینما گھروں سمیت ملک کے پْرھجوم مقامات پر خواتین کی ہراسانی روکنے کے لیے خواتین پولیس کے دستے تعینات کرنے کافیصلہ کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق مصری وزیرداخلہ مجدی عبدالغفار نے ایک اجلاس کے دوران اپنے معاونین کو ہدایت کی کہ وہ عید کے ایام میں ملک میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے ساتھ خواتین پر تشدد اور عوامی مقامات پر خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے منچلوں کے خلاف انضباطی کارروائی کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں خواتین پولیس کی سینیر آفیسر بھی نوجود تھیں۔قاہرہ کے ایک سیکیورٹی ذریعے نے "عرب میڈیا کو بتایا کہ ایام عید کے دوران شعبہ انسداد ہراسائی خواتین کے حکام اور دوسرے پولیس کے شعبے مل کر امن وامان کیقیام اور منچلے نوجوانوں کی غیر اخلاقی حرکات سے روکنے کے لیے سڑکوں پر گشت کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ عید کے دنوں میں خواتین پولیس اہلکاروں کو قاہرہ کی زیرزمین میٹرو ٹرین کے اسٹیشنوں، بالخصوص الشہداء اور السادات اسٹیشنوں پر تعینات کیا جائے گا۔

اس کیعلاوہ آٹو بسوں، ریلوے اسٹیشنوں میں بھی خواتین پولیس کے دستے تعینات ہوں گے۔ تمام اضلاع میں شکایات سیل اور آپریشنل کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں سے فوری طورپر کسی بھی خلاف قانون حرکت کی چھان بین کی جائے گی۔خیال رہے کہ مصر میں خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور انہیں ہراساں کرنے کے واقعات میں غیرمعمولی اضافے کے بعد حکومت نے اس اخلاقی جرم کو کنٹرول کرنے کیلیے قانون سازی کی ہے۔ نئے قوانین کے تحت خواتین کوہراساں کرنے کے مرتکب کسی بھی شخص کو چھ ماہ سے پانچ سال تک قید اور 50 ہزار مصری پاؤنڈز جرمانہ ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :