یہودی شرپسندوں کی مسجد ابراہیمی میں رقص وموسیقی کی محفل، فلسطینیوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیاگیا

بدھ 23 ستمبر 2015 09:16

الخلیل( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2015ء )اسرائیل کے یہودی شرپسندوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں مسلمانوں کے تاریخی مذہبی مقام مسجد الابراہیمی میں داخل ہوکر نہ صرف اس کی بے حرمتی کی بلکہ رقص اور موسیقی کی محفل بھی منعقد کرڈالی۔مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے مسجد ابراہیمی میں داخل ہوکر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسرائیلی فوج اور پولیس نے یہودی آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی اور فلسطینیوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیاگیا تھا۔ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد یہودیوں نے مسجد میں محفل موسیقی کا انعقاد کیا جس میں پہلی بار ایک یہودی گلو کارہ کو بھی شریک کیا گیا۔مسجد ابراہیمی میں یہودی شرپسندوں کی جانب سے محفل موسیقی کا انعقاد پہلی بار نہیں کیا گیا تاہم کسی خاتون کی ایسی تقریب میں شرکت کا یہ پہلا موقع ہے۔ یہودی آباد کار مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کے لیے اس نوعیت کی متنازع تقریبات اکثر وبیشتر منعقد کرتے رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :