کشمیر پاک بھارت مسائل کی وجہ ،اقوام متحدہ میں تمام تصفیہ طلب امور پر بات چیت کرینگے، وزیر اعظم،جتنا جلدی مسئلہ کشمیر حل ہوگا دونوں ممالک اتنی ہی تیزی سے ترقی کریں گے، ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں،خطے میں کسی قسم کی بدامنی نہیں چاہتے،لندن میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 23 ستمبر 2015 09:23

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2015ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں،خطے میں کسی قسم کی بدامنی نہیں چاہتے،کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کی بنیادی وجہ ہے جتنا جلدی مسئلہ کشمیر حل ہوگا دونوں ممالک اتنی ہی تیزی سے ترقی کریں گے،اقوام متحدہ میں تمام تصفیہ طلب امور پر بات چیت کریں گے۔

لندن میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے اور ہم اسی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں،پاکستان خطے میں کسی قسم کی بدامنی نہیں چاہتا ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں،خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی گراں قدر خدمات ہیں،ہم دانشمندی سے معاملات کو آگے بڑھا رہے ہیں،پاکستان خطے میں درست طریقے سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور ہم یہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے،افغانستان سے مل کر خطے میں امن کیلئے کوششیں کریں گے،پاکستان اور افغانستان نے دہشتگردی کے خلاف ملکر لڑنے کا عہد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے،آپریشن ضرب عضب قوم کی حمایت سے کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خارجہ پالیسی میں مثبت تبدیلی لائے ہیں جس کے اچھے نتائج نکلیں گے،کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کی بنیادی وجہ ہے ہم چاہتے ہیں بھارت کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات کرے کشمیر ایسا معاملہ ہے جس کو حل کرنا ضروری ہے،مسئلہ کشمیر کا حل دونوں ممالک کیلئے ضروری ہے جتنا جلدی مسئلہ کشمیر حل ہوگا،اتنی ہی تیزی سے پاکستان اور بھارت ترقی کریں گے،مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر سمیت بہت سے مسائل پر بات ہوگی،جنرل اسمبلی میں تمام تصفیہ طلب امور پر بات ہوگی ،ایک سوال پر کہا کہ نئے چیف جسٹس نے بھی کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے فیصلوں میں تاخیر ہوئی،دھرنے منفی سیاست ہیں ہمیں مثبت سیاست کرنی چاہئے۔نوازشریف نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،10سالہ حکمرانی کرنے والوں کو بھی بجلی کے مسئلے کے حل کیلئے کام کرنا چاہئے تھا