سپیکر کا الیکشن،تحریک انصاف کا شفقت محمود کو کھڑا کرنے کا اعلان،عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کااجلاس ، سپیکر کا الیکشن ، بلدیاتی انتخابات کے نتائج اور سیاسی صورتحال پر غور،بلدیاتی انتخابات سے زیادہ تشویش میں اضافہ ہوا ، الیکشن قوانین اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی گئی،بچوں نے ووٹ ڈالے،پولیس سمیت سرکاری مشینری کا کھلے عام استعمال، تحریک انصاف کے 11کارکن شہید ہوئے،شاہ محمود قریشی کی گفتگو

جمعہ 6 نومبر 2015 09:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2015ء)تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں سپیکر کا الیکشن لڑنے کیلئے شفقت محمود کو امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان کردیا ، جمعرات کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی رہنماؤں کااجلاس بنی گالہ میں منعقد ہوا جس میں سپیکر کے الیکشن لڑنے ، بلدیاتی انتخابات کے نتائج اور دیگر سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اجلاس ختم ہونے کے بعد شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں تحریک انصاف نے تین نکات پر غور کیا جس میں پہلا یہ تھا کہ تحریک انصاف نے باہمی طور پر مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کرے گی اور سپیکر کیلئے پی ٹی آئی نے شفقت محمود کا نام تجویز کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات پر بھی غور وخوض کیا ہے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے لیکن اس میں ماضی سے زیادہ تشویش میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ الیکشن قوانین اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں تیرہ تیرہ سال کے بچوں نے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالے ہیں تیرہ لوگوں کی اموات پیش آئیں پولیس سمیت سرکاری مشینری کا کھلے عام استعمال کیا گیا اس مرحلے میں دس سے گیارہ تحریک انصاف کے کارکن شہید ہوئے حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ انتخابات کے دوران تحفظ فراہم کرے لیکن بدقسمتی سے حکومت کی جانب سے ایسے کوئی اقدامات نظر نہیں آئے الیکشن کمیشن کا کام صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد کرانا ہوتا ہے لیکن الیکشن کمیشن نے دو ہزار تیرہ کے انتخابات جیسا رویہ رکھا انہوں نے کہا کہ اشرف سوہنا کو گھر سے اٹھا کر دہشتگردی کا مقدمہ بنا دیا گیا جو افسوسناک ہے لیکن ابھی انتخابات کا دوسرا مرحلہ باقی ہے اور تحریک انصاف امید کرتی ہے کہ اگلا مرحلہ پرامن اور خوش اسلوبی سے ہوگا اور تمام غلطیوں سے سبق حاصل کیا جائے گا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ ملک کی معیشت بہتر ہورہی ہے لیکن سینٹ میں ایل این جی کی قیمتوں پر بڑی بحث ہوئی لیکن حقیقت سامنے نہیں آئی کہ آخر ایل این جی کا معاہدہ اور اس کی قیمت کیا ہے ۔ پارلیمنٹ کو ایسے اہم معاہدوں میں اعتماد میں لینا چاہیے شاہ محمود نے کہا کہ تیل کی قیمتیں عالمی منڈی میں پچیس فیصد کم ہوئی ہیں لیکن پاکستان میں حکومت نے تیل کی قیمتوں میں چار فیصد کمی کی ہے اور باقی اکیس فیصد اپنی جیب میں ڈالا ہے تحریک انصاف پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کوفی الفور واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے