وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس(ر) دوست محمد نے اپنی تنخواہ اور مراعات محکمہ سماجی بہبود کو دینے کا اعلان کردیا

ایک اسلامی فلاحی ریاست کیلئے صحت مند شہریوں کی ضرورت ہے ، کم عمر میں شادی کی وجہ سے جہاں خود اس بچے یا بچی کیلئے مشکلات پیدا ہوتی ہیں وہاں معاشرے کیلئے بھی نقصان دہ ہے ،ْوزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 12 جون 2018 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 12 جون 2018ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس(ر) دوست محمد نے اپنی تنخواہ اور مراعات محکمہ سماجی بہبود کو دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ انکی تنخواہ اور جملہ مراعات مستحق ، یتیم اور نادار بچوں پر خرچ ہونگی انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں ضرورت کی بنیاد پر سماجی بہبود کے ادارے یقینی بنا نے ، صوبے میں دارلامانوں میں سیکیورٹی بہتر کرنے اور سٹاف کی اخلاقی تربیت کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے خواجہ سراؤں کیلئے زیر تشکیل پالیسی میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تنبیہ کی کہ ایک ہفتہ کے اندر پالیسی کو حتمی شکل دی جائے انہوں نے کام کی جگہ پر ہراساں کی جانے والی خواتین کی شکایات کے اندراج کیلئے یونیورسل ایکسس نمبر کے اجراء کی بھی ہدایت کی جبکہ تیزاب گردی کی روک تھام کیلئے تیزاب کی خرید و فروخت پرمٹ اور لائسنس سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں آرڈیننس پاس کرنے کا عندیہ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ سماجی بہبود کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود نے وزیر اعلیٰ کو محکمے کے دائرہ اختیارات ، بجٹ، قوانین ، پالیسیز، ضابطہ اخلاق ، ادارہ جات اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ اس وقت محکمہ کے تحت سماجی بہبود کے مختلف نوعیت کے مجموعی طور پر 39ادارے کام کر رہے ہیں جن سے استفادہ کرنے والوں کی موجودہ تعداد2549ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے محکمہ سماجی بہبود کے حکام کو ایریا وائز ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہم معاشرے کے محروم ، مخصوص اور بے سہارا افراد کو کارآمد شہری بنا کر ہی سر خرو ہو سکتے ہیں انہوں نے سرکاری محکموں میں کام کرنے کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف انکوائری کمیٹیوں میں خواتین کی نمائندگی زیادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا تکلیف دہ امر ہے جسکے تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات ہونے چاہیئں انہوں نے کہا کہ خواتین کی متعلقہ اداروں تک محفوظ رسائی نہ ہونے کی وجہ سے وہ شکایات کے اندراج میں غفلت کرتی ہیں لہٰذا اس مسئلے کے حل کیلئے یونیورسل رسائی نمبر کا اجراء ہونا چاہئے ہم نے خواتین کو حوصلہ دینا ہے اور آگاہی کے ساتھ ساتھ سہولیات بھی دینی ہیں ۔

دوست محمد نے کہا کہ ایک نتیجہ خیز آگاہی مہم کیلئے بیک وقت اردو ، پشتو، پنجابی، سرائیکی اور ہندکو کا استعمال نا گزیر ہے۔نگران وزیر اعلیٰ نے تیزاب گردی کے خلاف اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تیزاب کی فروخت کیلئے با ضابطہ لائسنس جاری ہونا چاہئے اور خریدنے والے کیلئے بھی پر مٹ لینا ضروری ہو ہم نے اس سماجی برائی کو جڑ سے ختم کرنا ہے اور اس سلسلے میں پشاور ہائی کورٹ کا پہلے سے فیصلہ موجود ہے جو انہوں نے بطور چیف جسٹس دیا تھا انہوں نے کیس تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ اسے آرڈینینس کے ذریعے پاس کرکے لاگو کیا جائے گا ، کم عمر بچوں کی شادی کے حوالے سے قانون پر بات کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک اسلامی فلاحی ریاست کیلئے صحت مند شہریوں کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ کم عمر میں شادی کی وجہ سے جہاں خود اس بچے یا بچی کیلئے مشکلات پیدا ہوتی ہیں وہاں معاشرے کیلئے بھی نقصان دہ ہے انہوں نے کہا کہ ماں کی گود اولین اور بہت ذمہ دار درسگاہ اور تربیت گاہ ہے ، کم سن بچی کی شادی ماں اور بچے دونوں کی تربیت کیلئے نقصان دہ ہے انہوں نے کہا کہ سوچنے کی بات ہے کہ جو بچی خود ابھی تربیت کے مراحل سے گزر رہی ہے وہ اپنے بچوں کی تربیت کس انداز میں کرے گی اور جب تربیت اور کردار سازی نہیں ہو گی تو مسائل پیدا ہونگے ہمیں ملک اور امت کی بہتری کیلئے سوچنا چاہئے ۔

انہوں نے پیشہ ور گداگری کے خلاف قانون کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر میں معذوری کا اظہار کرکے بھیک مانگنے والے افراد کا میڈیکل معائنہ کرائیں اگر واقعی معذور نکلیں تو معذور افراد کی بحالی متعلقہ اداروں میں لے جائیں بصورت دیگر معذوری کا بہانہ بنا کر گداگری کرنے والوں کے پس پردہ مافیا کو پکڑیں انہوں نے کہا کہ یہ مافیا ہے جو ایک طرف ان لوگوں کا استحصال کرتا ہے اور دوسری طرف غلط طریقے سے دولت جمع کرنے کی طمع رکھتا ہے جو ایک مذموم فعل ہے دوست محمد نے چترال میں دارلامان کو جلد فعال بنانے جبکہ نشے کے عادی افراد کی بحالی کے مراکز میں سائکالوجسٹ اور سائکاٹرسٹ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی انہوں نے خصوصی بچوں کی مصنوعات کو شو کیس کرنے کی بھی ہدایت کی ، محکمہ کے تحت انڈسٹریل ٹریننگ سنٹرز میں جدت لانے اور انکی مصنوعات کو ڈسپلے مراکزمیں شو کیس کرنے کی بھی ہدایت کی انہوں نے معذور افراد کی جگہ خصوصی افراد کے الفاظ متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی اور عندیہ دیا کہ وہ اس سلسلے میں رولز میں ترمیم کر سکتے ہیںدوست محمد نے کرانک بیماریوں کی وجوہات کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ باقی صحتمند بچوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکے ۔

مدارس میں زیر تعلیم بچوں کو وظیفے کی ادائیگی پر بات کرتے ہوئے دوست محمد نے کہا انکی ذاتی رائے یہ ہے کہ چند سو یا چند ہزار روپے وظیفے دینا کافی نہیں ہے بلکہ حکومت کو چاہئے کہ اپنے دینی مدارس بنائے جن میں اعلیٰ تعلیم یافتہ پی ایچ ڈی سٹاف علوم اسلامیہ کی تدریس کرے ، تحقیق پر مبنی دینی علم کو فروغ ملے کیونکہ یہ ہمارا مذہب ہے ہمیں اسکے صحیح انداز میں فروغ کیلئے آگے بڑھنا چاہئے اور وسائل خرچ کرنے چاہیئں۔