وفاق میں مخلوط حکومت بنے گی ،شرجیل میمن کی پیشگوئی

عمران خان اور شہباز شریف کو انتخابات کے وقت سندھ یاد آتا ہے،نواز شریف کی وی آئی پی احتساب ہو رہا ہے ،8 ماہ سے جیل میں ہوں کوئی ضمانت دینے کو تیار نہیں، پی پی رہنما عمران خان کے فرنٹ مین زلفی بخاری کا نام بھی ای سی ایل میں تھا، لیکن آدھے گھنٹے میں عدالتی حکم کے بغیر نام خارج کیا گیا، زلفی بخاری برطانیہ میں عمران خان کے اخراجات برداشت کرتے ہیں، پاکستان میں بھی زلفی بخاری ہی عمران خان کا کچن چلاتے ہیں، میڈیا سے گفتگو

منگل 12 جون 2018 20:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 12 جون 2018ء)پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے پیش گوئی کی ہے کہ عام انتخابات کے بعد وفاق میں مخلوط حکومت قائم ہوگی۔کراچی میں احتساب عدالت کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان اور شہباز شریف کو انتخابات کے وقت سندھ یاد آتا ہے، انتخابات میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ ان تمام سیاسی جماعتوں سے ہوگا جن کے کوئی اصول نہیں، عام انتخابات کے بعد مخلوط حکومت بنے گی، کراچی سے عمران خان کا جیتنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔

آئندہ عام انتخابات میں اپنی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کے دیگر حلقوں کی نسبت میرے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے اور لوگ مجھے کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ منتخب کریں گے۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ کرپشن الزامات کا شکار دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو گرفتار نہیں کیا جاتا، نوازشریف کا وی آئی پی احتساب ہورہا ہے جبکہ میں 8 ماہ سے جیل میں ہوں، میں 8 مہینے سے جیل میں پڑا ہوں کوئی ضمانت دینے کو تیار نہیں، عمران خان کے فرنٹ مین زلفی بخاری کا نام بھی ای سی ایل میں تھا، لیکن آدھے گھنٹے میں عدالتی حکم کے بغیر زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے خارج کر کے اسے ملک سے باہر جانے دیا، زلفی بخاری برطانیہ میں عمران خان کے اخراجات برداشت کرتے ہیں، پاکستان میں بھی زلفی بخاری ہی عمران خان کا کچن چلاتے ہیں، نیب کا سندھ اور پنجاب میں دوہرا معیار کیوں ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما چوہدری نثار پر تنقید کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ چوہدری نثار کے ساتھ مقافات عمل ہورہا ہے، چوہدری نثار نے جس طرح لوگوں کے ساتھ ظلم کیا اور نام ای سی ایل میں ڈالے اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔