سعودی عرب: 27 رمضان المبارک کی رات کو حرم شریف میں لاکھوں لوگوں کا اجتماع

مدینہ منورہ میں بھی لاکھوں لوگوں نے اس رات کی برکتیں اور فضائل سمیٹے

منگل 12 جون 2018 17:01

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 12 جون 2018ء)رمضان المبارک برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں مسلمان روحانی پاکیزگی کے لیے روزے رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ مہینہ ایثار اور نفس پر قابو کا مہینہ بھی خیال کیا جاتا ہے۔ روزے کے دوران بھوک اور پیاس کی حالت میں ہم میں یہ احساس موجزن ہوتا ہے کہ غریب اور نادار لوگ بھوکے پیٹ کیسی تکلیف سے گزرتے ہیں۔

سو اُن کی امداد کرنا اور اُنہیں کھانا کھلانا ہمارا فرض ہے۔ روزہ بخشش اور مغفرت کا دروازہ ہے۔ اگر رمضان المبار کے روزے خالصتاً خُدا تعالیٰ کی خوشنودی اور رضا کے حصول کے لیے رکھے جائیں تو یقیناًہم اللہ کی رحمت کے حقدار ٹھہرتے ہیں۔ اسی سوچ کے مدنظر دُنیا بھر سے رمضان کے دوران لاکھوں افراد حرمین شریفین کا رُخ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یوں تو رمضان المبارک کی ہر رات کی بہت زیادہ فضیلت ہے مگر 27 ویں کی رات کو اس وجہ سے تمام راتوں پر فوقیت دی جاتی ہے کیونکہ اس رات کو قرآن مجید کا نزول ہوا۔

اس کے علاوہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ یہی وہ طاق رات ہے جسے اللہ تعالیٰ نے شبِ قدر قرار دے کر اسے میں کی جانے والی عبادت کو ہزار راتوں کی عبادت سے بھی زائد قرار دیا ہے۔ گزشتہ رات 27رمضان المبارک کو کعبۃ اللہ اور مسجد نبویؐ میں لاکھوں لوگوں کا اجتماع ہوا۔ حکام کے مطابق حرمین شریفین میں 20 لاکھ سے زائد لوگوں نے شب قدر کی عبادت میں شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ کی رحمت کے حصول کے لیے جمع ہونے والے زائرین کے باعث ان دونوں مقامات پر تِل دھرنے کو جگہ نہ تھی۔ اس خصوصی اجتماع کے پیش نظر مذکورہ دونوں مقدس مقامات پر زائرین کو کسی پریشانی کا سامنا کرنے سے بچانے کے لیے ہر ممکن انتظامات کیے گئے تھے۔ سیکیورٹی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہزاروں پولیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے۔