عدلیہ نے پرویز مشرف کو آنے کا موقع دیا ہے اب دیکھتے ہیں وہ کتنے بہادر ہیں ‘ سعد رفیق

جو کچھ نوازشریف کے ساتھ ہورہاہے عوام دیکھ رہی ہے، 25جولائی کو فیصلہ کریں گے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما افطار ڈنر کے موقع پر خطاب

منگل 12 جون 2018 22:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 12 جون 2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عدلیہ نے پرویز مشرف کو آنے کا موقع دیا ہے اب دیکھتے ہیں وہ کتنے بہادر ہیں ،جو کچھ نوازشریف کے ساتھ ہورہاہے عوام دیکھ رہی ہے 25جولائی کو فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ستائیسویں رمضان المبارک کو بناتھا ، اللہ اس ملک کوسلامت رکھے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ میدان عمل میں ہے گذشتہ ادوار عوام کے سامنے ہے ،جو کاوش محنت (ن) لیگ نے کی اس سے ملک کی روشنیاں واپس آئی ہیں معیشت و صنعت کا پہیہ چلا ہے ، تعلیم صحت کے شعبہ جات بہتر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پانچ سالوں میں سب کو موقع ملا کہ قوم کی خدمت کریں پنجاب میں شہبازشریف نے دن رات محنت کی (ن) لیگ کے کارکن متحد ہیں ،پاکستان بھر میں آئندہ الیکشن میں بھرپورکامیابی حاصل کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چودھری نثار پر اتنا ہی کہوں گا کہ خود انہوں نے آزاد الیکشن لڑنے کااعلان کیاہے،پارٹی میں ایسے لوگ موجود ہیں جو چاہتے ہیں کہ چودھری نثار (ن) لیگ کی طرف سے الیکشن لڑیں ،پارٹی اصول و قواعد اپنی جگہ پر قائم ہیں مثبت کردار کیلئے اہم کرداراداکررہے ہیں ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدالت نے مشرف کو پاکستان آنے کا موقع دیا اب ان پر منحصر ہیں وہ کتنے بہادر ہیں وہ پاکستان آئیں گے یا نہیں ،عدلیہ نے مشرف واپسی کا بال مشرف کے کورٹ میں ڈال دیاہے اب ان کا امتحان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کے ساتھ جو کچھ ہورہاہے وہ عوام دیکھ رہی ہے وکلا کو تیاری کا موقع نہیں دیاجارہا،پچیس جولائی کو عوام فیصلہ کریں گے۔